Jadid Khabar

دہلی حکومت نے مالویہ نگر حادثے کے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا

Thumb

نئی دہلی، 04 جون (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے مالویہ نگر حادثے میں جان گنوانے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کی امدادی رقم  دینے کا اعلان کیا ہے۔
 
محترمہ گپتا نے جمعرات کو مالویہ نگر کے ہولناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد ساکیت میں واقع میکس ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں داخل زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور علاج معالجے کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور حکام کے ساتھ میٹنگ کر کے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ  ہے اور علاج میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ تال میل قائم کر کے زخمیوں کے طبی اخراجات کا انتظام یقینی بنایا جائے گا، تاکہ تمام مریضوں کو بہتر علاج مل سکے۔
 
انہوں نے کہا کہ حکومت نے حادثے میں جان گنوانے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں شدید طور پر زخمی ہونے والے لوگوں کو پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی جاں بحق افراد کی لاشیں  ان کے آبائی گھروں تک پہنچانے کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ دہلی حکومت ہر متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
یواین آئی۔ایف اے