Jadid Khabar

سیاحت کو ثقافتی نشاۃ ثانیہ اور روزگار سے جوڑیں: یوگی

Thumb

لکھنؤ، 4 جون (یو این آئی) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ اتر پردیش صرف عقیدے کا مرکز نہیں، بلکہ ہندوستان کی ثقافتی بیداری، روحانی روایت اور علمی ورثے کا نمائندہ صوبہ ہے۔ لہذا سیاحت کی ترقی کو صرف بنیادی ڈھانچے تک محدود نہ رکھتے ہوئے اسے ثقافتی نشاۃ ثانیہ، مقامی معیشت، روزگار کے مواقع اور عالمی شناخت سے جوڑ کر آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ 


جمعرات کو محکمہ سیاحت کی جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاحت صوبے کی ثقافتی معیشت کو نئی رفتار دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس سے مقامی مصنوعات، دستکاری، روایتی فن، کھانے پینے اور سروس کے شعبے کو وسیع مواقع ملیں گے۔ 


میٹنگ میں ہندوستانی علمی روایت کے تحفظ سے جڑے 'گیان بھارت مشن' کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قدیم مخطوطات ہندوستان کی تہذیب، فلسفہ اور سائنسی روایت کا انمول ورثہ ہیں۔ ان کے تحفظ اور ڈیجیٹلائزیشن سے نئی نسل اپنی جڑوں سے جڑ سکے گی۔


وزیر اعلیٰ نے لکھنؤ میں حال ہی میں افتتاح کردہ بحریہ کے شوریہ واٹیکا اور زیر تعمیر آئی این ایس گومتی شوریہ میوزیم کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ نوجوانوں میں حب الوطنی اور فوجی فخر کے جذبات کو مضبوط کریں گے۔ وہیں آگرہ میں زیر تعمیر چھترپتی شیواجی مہاراج میوزیم میں ان کی زندگی، سوراج کے قیام، آگرہ کے قیام اور گڈ گورننس کے تصور کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ 


میٹنگ میں چترکوٹ میں واقع قدیم سومناتھ مندر کے تحفظ کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے تاریخی اور ثقافتی ورثوں کے تحفظ میں ان کی اصل شکل اور تاریخی صداقت کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔