جے پور، 21 مئی (یو این آئی) کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے دل میں حب الوطنی کا بے پناہ جذبہ ہے اور ان کی خواہش ہے کہ ملک مزید مضبوط بنے اور متحد رہے۔
مسٹر گہلوت نے جمعرات کے روز نئی دہلی میں سابق وزیرِ اعظم اور بھارت رتن راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بارے میں کوئی نئی بات نہیں کہی ہے۔ ان کے اندر کا حب الوطنی کا جذبہ اکثر ان کی زبان پر آ ہی جاتا ہے۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی نے بدھ کے روز اتر پردیش کے رائے بریلی کے دورے کے دوران ایک ریلی میں کہا تھا کہ وہ بی جے پی سے ڈرتے نہیں ہیں۔ راہل گاندھی کے اسی بیان کے حوالے سے نامہ نگاروں نے مسٹر گہلوت سے سوال پوچھا تھا۔
یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق، مسٹر گہلوت نے کہا کہ راہل گاندھی اپوزیشن کے رہنما کے طور پر ہمیشہ ہم وطنوں کو خبردار کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے ماضی میں بھی عوام کو قبل از وقت آگاہ کیا ہے، چاہے وہ نوٹ بندی کا فیصلہ ہو یا کووڈ کا بحران، انہوں نے ہر بار ملک کو پہلے ہی متنبہ کیا۔ سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ آج ملک کے جو حالات ہیں، اس سے ہر کوئی فکر مند ہے۔ ملک کس سمت جا رہا ہے اور کس سمت جائے گا، یہ کوئی نہیں جانتا۔ ملک کے سامنے ایک بڑا معاشی بحران پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت پر تنقید کرنے پر جیل جانا پڑتا ہے اور غدارِ قرار دے دیا جاتا ہے۔ آج جمہوریت خطرے میں ہے اور مذہب کے نام پر سیاست ہو رہی ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ راہل گاندھی کی سوچ ہے کہ ملک مضبوط اور متحد رہے، اس مقصد کے لیے سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی نے اپنی جان قربان کر دی اور راجیو گاندھی شہید ہو گئے لیکن اس ملک کو متحد رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگ آباد ہیں، ان سب کو پیار و محبت کے ساتھ رکھنا چاہیے اور اس کی ذمہ داری اپوزیشن کے علاوہ حکومتِ وقت پر زیادہ عائد ہوتی ہے۔