تل ابیب، 2 مارچ (یو این آئی) اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر مزید میزائل داغ دیے ہیں، دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو ناکارہ بنا رہا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں کے بعد شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
دوسری جانب ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی دوبارہ دھماکے سنے گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق زوردار دھماکے ہوئے ہیں تاہم واضح نہیں ہوسکا ہدف کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے حملوں میں ایرانی ملٹری کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا ہے، پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹرز پر بھی بمباری کی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ درجنوں ایرانی ملٹری کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ پاسداران انقلاب کے ایئرفورس کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا ساتھ ہی ایران میں وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹرز پر بھی نئے حملے کیے گئے۔
ایرانی حکام اور میڈیا نے نئے حملوں کے والے سے فی الحال کوئی ردعمل جاری نہیں کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ تہران میں حملے بڑھیں گے۔ نیتن یاہو نے آئندہ دنوں میں تہران پر فضائی حملے تیز کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی فوج ایران کے خلاف اپنی مہم میں "ابھی مکمل طاقت" سے نہیں ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج نے آج ملک بھر میں 10 جدید ڈرونز گرانے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد اب تک مار گرائے گئے ڈرونز کی کل تعداد 22 ہوگئی ہے۔
ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ وقت بھرپور مزاحمت کا ہے، ہم ہر ممکن طاقت کے ساتھ جوابی وار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ہم نے ابھی تک اپنی سب سے طاقتور فوجی صلاحیتیں بشمول بعض جدید میزائل سسٹم استعمال ہی نہیں کیے۔
انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں دشمن کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔