ملک کی کئی ریاستوں میں ووٹر لسٹ کو صاف و شفاف بنانے کے لیے خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ملک کی 9 ریاستوں اور 3 مرکز کے زیر انتظام خطوں میں ایس آئی آر کا عمل انجام دیا گیا، جن میں سے کئی ریاستوں کی حتمی ووٹر لسٹ جاری بھی کر دی گئی ہے۔ اب راجستھان میں بھی ایس آئی آر کا عمل پورا ہو چکا ہے اور الیکشن کمیشن نے حتمی ووٹر لسٹ جاری کر دی ہے۔ اس ووٹر لسٹ کے مطابق ریاست میں 31 لاکھ سے زائد ووٹرس کے نام لسٹ سے حذف کیے گئے ہیں۔
حتمی ووٹر لسٹ میں راجستھان کی 199 اسمبلی حلقوں کے 5 کروڑ 15 لاکھ 19 ہزار 929 ووٹرس کو شامل کیا گیا ہے، جو ڈرافٹ مسودہ کے مقابلے میں 10 لاکھ 48 ہزار 605 ووٹروں (2.08 فیصد) کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری کی تھی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 27 اکتوبر 2025 کو ابتدائی بنیاد پر جاری کی گئی ووٹر لسٹ میں ووٹروں کی تعداد 5 کروڑ 46 لاکھ 56 ہزار 215 تھی۔ یعنی حتمی ووٹر لسٹ سے 31 لاکھ 36 ہزار 286 ووٹرس کے نام حذف کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ڈرافٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد 12 لاکھ 91 ہزار 365 نام ووٹر لسٹ میں شامل کیے ہیں۔ اس طرح ریاست میں مجموعی ووٹرس کی تعداد اب 5 کروڑ 15 لاکھ 19 ہزار 929 ہو گئی ہے۔ ان میں 2 کروڑ 69 لاکھ 57 ہزار 881 مرد ووٹرس ہیں، جبکہ 2 کروڑ 45 لاکھ 61 ہزار 486 خواتین ووٹرس شامل ہیں۔ ٹرانس جینڈر ووٹروں کی تعداد 562 ہے۔
ڈرافٹ فہرست کے بعد ریاست کی راجدھانی جے پور میں سب سے زیادہ ووٹر شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے بعد پھلودی اور بھرت پور اضلاع کے نام شامل ہیں۔ بہرحال، سامنے آئی جانکاری کے مطابق ڈرافٹ مسودہ جاری ہونے کے بعد 2 لاکھ 42 ہزار 760 ووٹرس کے نام ہٹائے گئے ہیں۔ ریاست میں جنسی تناسب 909 سے بڑھ کر 911 ہو گیا ہے۔ جے پور ضلع میں جنسی تناسب میں 7 پوائنٹس کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ کوٹہ میں 6 پوائنٹس جبکہ اجمیر، سروہی، ڈونگرپور، بوندی، جھالاواڑ اور باراں میں 4 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔