Jadid Khabar

حکومت کسانوں کی خوشحالی کے لیے پرعزم: یوگی

Thumb

لکھنؤ، 21 فروری (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتے کے روز ریاست کے کسانوں اور ضرورت مند کنبوں کو بڑی راحت دیتے ہوئے کل 460 کروڑ روپے کی امدادی رقم براہِ راست ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔ اس رقم میں فصل بیمہ یوجنا کے تحت 2.51 لاکھ کسانوں کو 285 کروڑ روپے اور چیف منسٹر کسان حادثہ فلاحی اسکیم کے تحت 3500 مستفید خاندانوں کو 175 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 'فصل بیمہ یوجنا' کے ذریعے قدرتی آفات سے متاثر کسانوں کو مالی سہارا دیا جا رہا ہے، جبکہ 'چیف منسٹر فارمر ایکسیڈنٹ ویلفئیر اسکیم حادثہ فلاحی اسکیم' کے تحت حادثات سے متاثر کنبوں کو فوری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں آفات سے بندوبست کی پہلی کڑی 'آپدا متر' ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم مودی کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کو اتر پردیش نے مؤثر انداز میں آگے بڑھایا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست کے 25 اضلاع میں این سی سی، این ایس ایس، این وائی کے ایس اور ہندوستان اسکاوٹس اینڈ گائیڈز سے وابستہ 29,772 نوجوان رضاکاروں کو تربیت دی گئی ہے۔ ان نوجوانوں کو آفات کے  بندوبست، راحت اور بچاؤ کے کاموں کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں وہ فوری مدد پہنچا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آفات کے انتظام کو ترجیح دیتے ہوئے ایک مضبوط اور فوری ردِعمل کا نظام تیار کیا ہے، تاکہ کسی بھی قدرتی یا اچانک آنے والی آفت کے دوران منظم کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت کے اس قدم کو کسانوں اور آفات سے متاثر خاندانوں کے لیے بڑی راحت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔