Jadid Khabar

ہنگامہ آرائی کے باعث لوک سبھا میں وقفہ سوال متاثر

Thumb

نئی دہلی، 4 فروری (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن کے ارکان نے بدھ کو بجٹ اجلاس کے لئے کانگریس کے آٹھ ارکان کی معطلی کے خلاف زبردست ہنگامہ آرائی کی، جس کے بعد اسپیکر اوم برلا کو پانچ منٹ کے اندر ہی ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔
کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مسٹر برلا نے فوڈ پروسیسنگ اور عوامی تقسیم کی وزارت کے وزیر سے اراکین کے سوالات کے جواب دینے کو کہا۔ اس دوران اپوزیشن ارکان ایوان کے وسط میں آکر ہنگامہ آرائی شروع کردی۔
ہنگامہ آرائی کے درمیان اسپیکر نے وقفہ سوال چلانے کی کوشش کی تاہم اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی تیز کردی۔ اس دوران کچھ ارکان نے سوالات کیے اور ان کے جوابات بھی آئے لیکن ہنگامہ آرائی اور شور و غل کی وجہ سے کچھ سنائی نہیں دیا۔
بڑھتے ہوئے ہنگامے کو دیکھ کر مسٹر برلا نے ارکان سے ایوان کے اندر اچھے اخلاق اور برتاؤ کو برقرار رکھنے کی تاکید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان چلانا سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایوان سب کا ہے اس لیے اراکین ایوان کو وقار کے ساتھ چلانے میں مدد کریں۔ ارکان نے ان کی بات نہیں سنی اور ہنگامہ کرتے رہے جس کی وجہ سے مسٹر برلا کو ایوان کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔