جموں، 2 فروری (یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کہا کہ اسمبلی کا بجٹ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ اجتماعی سفر پر غور کرنے اور کامیابیوں کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
جموں وکشمیر اسمبلی کا 27 روزہ اجلاس پیر کی صبح لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب سے شروع ہوا۔
انہوں نے کہا: ' حکومت نے اپنے پہلے سال میں وقار کے ساتھ ترقی، سماجی انصاف کے ساتھ ترقی اور امن کے ساتھ ترقی کو متوازن بنایا ہے اور انتظامیہ، جامع حکومت کی رہنمائی میں، نئے عزم کے ساتھ ان ترجیحات پر عمل پیرا ہے'۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت میں انصاف، وقار اور حساسیت پر زور دینے کے ساتھ شہریوں سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک انسانی اور ہمدردانہ رویہ اپنایا گیا ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ ملازمین، یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں، کنٹریکٹچول ورکرز اور پسماندہ طبقوں سے متعلق معاملات کا ہمدردی سے جائزہ لیا گیا ہے، جہاں ضروری تھا وہاں اصلاحی اقدامات شروع کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریزرویشن اصلاحات نے عوامی اداروں میں نمائندگی اور شمولیت کو بڑھایا ہے ہوسٹل، ایکلاویہ ماڈل رہائشی اسکول، اسکالرشپس اور جنگل کے حقوق کے قانون کے نفاذ کے ذریعے قبائلی بہبود پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے گزشتہ سال کو جموں و کشمیر کے جمہوری سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاپولر گورننس کی واپسی سے جمہوری اداروں اور شراکتی فیصلہ سازی میں عوامی اعتماد مضبوط ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جوابدہ، عوام پر مبنی انتظامیہ کو بھی ترجیح دی ہے اور باقاعدہ میٹنگوں اور جے کے سمادھان پورٹل کو مضبوط بنانے سے ہزاروں شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔
منوج سنہا نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی میں گڈ گورننس مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا: 'شفافیت، جوابدہی، ڈیجیٹل گورننس اور شہریوں پر مبنی خدمات کی فراہمی میں مسلسل اصلاحات سے عوامی اعتماد اور ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری آئی ہے'۔
مسٹر سنہا نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی تبدیلی میں ان کے مسلسل تعاون کے لیے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور وسیع تر عوامی مفاد میں کام کرنے کے لیے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ مرکزی زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کا مالی سال 2026-27 کا بجٹ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ 6 فروری کو پیش کریں گے، اس کے بعد تفصیلی بات چیت اور مختلف محکموں کی جانب سے گرانٹس کے مطالبات پیش کیے جائیں گے۔