Jadid Khabar

وزیراعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان کوعالمی سطح پر ملی نئی شناخت: یوگی

Thumb

لکھنؤ، 17 دسمبر (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں آج ہندوستان کی آواز، اقدار اور تہذیبی شعور کو عالمی سطح پر نئی شناخت اور احترام حاصل ہو رہا ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز ایکس  پر لکھا کہ ''ایتھوپیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز 'گریٹ آنر نشان آف ایتھوپیا' سے وزیر اعظم مودی جی کو سرفراز کیا جانا ہندوستان اور ایتھوپیا کے قدیم تہذیبی تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی عالمی شراکت داری کا ثبوت ہے۔ یہ وزیر اعظم جی کی مؤثر سفارت کاری اور مضبوط قیادت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ اس باوقار اعزاز کو ملک کے 1.4 ارب شہریوں کے نام منسوب کرکے وزیر اعظم مودی جی نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ ان کی قیادت انکساری، ہم آہنگی اور 'وسودھیو کٹمبکم' یعنی دنیا ایک خاندان ہے ، کے جذبے پر مبنی ہے۔''
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی پیر سے تین ممالک  اردن، ایتھوپیا اور عمان کے دورے پر ہیں۔ وزیر اعظم مودی پیر کے روز سب سے پہلے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کی دعوت پر اردن پہنچے۔ وزیر اعظم مودی شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے ملاقات کریں گے اور ہند-اردن تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ علاقائی امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کریں گے۔