Jadid Khabar

دہلی میں یوم جمہوریہ پریڈ کی ریہرسل، ٹریفک ایڈوائزری جاری، ان راستوں پر جانے سے کریں گریز

Thumb

دہلی ٹریفک پولیس نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے کہ یوم جمہوریہ پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دہلی ٹریفک پولیس نے تبدیل شدہ راستوں کے بارے میں مطلع کیا ہے۔ ریہرسل کے دوران مارچ کرنے والے تمام دستے وجے چوک سے انڈیا گیٹ تک مارچ کریں گے۔ فل ڈریس ریہرسل بدھ، جمعہ اور ہفتہ کی صبح 10.15 سے 12.30 بجے تک ہو گی۔ اس کی وجہ سے انڈیا گیٹ، وجے چوک، کرتاویہ پتھ اور اس کے قریبی راستوں پر آنے والے ٹریفک کو موڑ دیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذکورہ راستوں پر آنے سے گریز کریں۔
ٹریفک پولیس نے جنوب سے شمال یا مشرق سے مغربی دہلی جانے والے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ رنگ روڈ، بارا پُلا ایلیویٹیڈ روڈ، مدر ٹریسا کریسنٹ، سردار پٹیل مارگ، وندے ماترم مارگ، اروندو مارگ، لودھی روڈ، صفدر جنگ روڈ، متھرا روڈ، بھیرو روڈ، لالہ لاجپت رائے مارگ، بابا کھڑک سنگھ مارگ، مندر مارگ، رانی جھانسی روڈ، کناٹ پلیس، وکاس مارگ، آئی ٹی او، ڈی ڈی یو مارگ، جواہر لال نہرو مارگ، اکشردھام، نوئیڈا لنک روڈ، ڈی این ڈی کے راستوں کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ یوم جمہوریہ پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل اور دیگر تیاریوں کی وجہ سے منگل کی صبح لوٹینس دہلی اور اس کے آس پاس کی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ جس کے سبب صبح دفتر جانے والوں اور دیگر مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔