Jadid Khabar

ہندوستان ۔سویڈن کے درمیان مختلف شعبوں میں چھ معاہدوں سے تعلقات کو نئی توانائی اور رفتار ملے گی: مودی

Thumb

گوتھنبرگ (سویڈن) 18 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور سویڈن کے درمیان سلامتی، معیشت، ٹیکنالوجی اور اختراع سمیت چھ شعبوں میں ہونے والے معاہدوں اور اعلانات سے ہندوستان سویڈن تعلقات کو نئی توانائی اور رفتار ملے گی۔ 


سویڈن کے دورے پر گئے مسٹر مودی نے اتوار کی دیر رات سویڈن کے وزیر اعظم الف کرسٹرسن کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کی جس کے بعد دونوں ممالک نے چھ شعبوں میں تعاون کے اعلانات اور معاہدے کیے۔ مسٹر مودی نے پیر کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان سویڈن شراکت داری ایک زیادہ خوشحال اور مستقبل کے حوالے سے دور اندیش دنیا کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گی۔ 


انہوں نے کہا، "یہ معاہدے ہندوستان سویڈن تعلقات کو نئی توانائی اور رفتار فراہم کریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ ہندوستان سویڈن شراکت داری ایک زیادہ خوشحال اور مستقبل کے حوالے سے دور اندیش دنیا کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گی۔" ان معاہدوں اور اعلانات کے تحت دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت استحکام اور سلامتی کے لیے دونوں ممالک اسٹریٹجک بات چیت کریں گے۔ ان کے درمیان اگلی نسل کی اقتصادی شراکت داری ہوگی۔ ٹیکنالوجی کے شعبے اور عوامی رابطوں کو فروغ ملے گا۔ 


دونوں ممالک نے 'ہندوستان سویڈن مشترکہ اختراعی شراکت داری 2.0' شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان اور سویڈن مشترکہ طور پر ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کوریڈور تیار کریں گے۔ انہوں نے اگلے پانچ برسوں میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو دوگنا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اسٹارٹ اپس اور اختراع کو فروغ دینے کے لیے انہوں نے 'ہندوستان سویڈن ایس ایم ای اور اسٹارٹ اپ پلیٹ فارم' کی ترقی کا بھی اعلان کیا۔ دونوں ممالک نے ترقیاتی وراثت کے سلسلے کے تحت 'ٹیگور سویڈن لکچر' بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر اعظم نے یورپی انڈسٹری گول میز کانفرنس میں ہندوستان کے اصلاحات پر مبنی ترقیاتی سفر پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ انفراسٹرکچر، اختراع اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں نئے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ 
جاری یو این آئی۔ ایم جے