نئی دہلی، 12 مئی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بننے کے بعد اب ریاست کے لوگوں کو آیوشمان بھارت صحت بیمہ اسکیم کا فائدہ مل سکے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نئی 'ڈبل انجن حکومت' مرکزی فلاحی پروگراموں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائے گی۔
مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا، "مغربی بنگال کے میرے بھائیوں اور بہنوں کی فلاح اولین ترجیح ہے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ ریاست کے لوگوں کو آیوشمان بھارت تک رسائی حاصل ہوگی، جو دنیا کی سب سے بڑی صحت کی دیکھ بھال کی اسکیم ہے اور معیاری اور سستی طبی خدمات کو یقینی بناتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈبل انجن حکومت مرکزی اسکیموں کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنائے گی۔"
وزیر اعظم کا یہ بیان مغربی بنگال میں بی جے پی کی جانب سے باضابطہ طور پر اقتدار سنبھالنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ریاست میں ترنمول کانگریس کی 15 سالہ حکومت ختم ہو گئی اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت اقتدار سے باہر ہو گئی۔ بی جے پی نے آیوشمان بھارت کے نفاذ اور مرکز کے ساتھ بہتر تال میل کو اپنے انتخابی مہم کا اہم موضوع بنایا تھا اور سابقہ ترنمول حکومت پر سیاسی وجوہات کی بنا پر کئی مرکزی اسکیموں کو روکنے کا الزام عائد کیا تھا۔
آیوشمان بھارت، جسے سرکاری طور پر پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کہا جاتا ہے، معاشی طور پر کمزور خاندانوں کوسیکنڈری اور ٹرٹیری اسپتالوں میں بھرتی ہونے کے لئے فی خاندان پانچ لاکھ روپے تک سالانہ صحت بیمہ کوریج فراہم کرتی ہے۔ ترنمول حکومت کے دوران مغربی بنگال اس اسکیم سے باہر رہا تھا اور اس کی جگہ اپنی صحت بیمہ اسکیم 'سواستھیہ ساتھی' چلا رہا تھا، جسے محترمہ بنرجی حکومت نے ایک زیادہ جامع متبادل کے طور پر پیش کیا تھا۔
یواین آئی۔الف الف