کولکاتہ، 29 اپریل (یو این آئی) مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران بھوانی پور حلقے سے بی جے پی کے اہم امیدوار شوبھیندو ادھیکاری کو بدھ کے روز ترنمول کانگریس کارکنوں کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوئی اور سکیورٹی فورسز نے لاٹھی چارج کیا۔
ادھیکاری نے اپنی حریف اور ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر الزام لگایا کہ وہ ووٹروں کو دھمکا اور خوفزدہ کر رہی ہیں۔
مرکزی فورسز اور پولیس کو اس وقت ہلکا لاٹھی چارج کرنا پڑا جب کالی گھاٹ جو بھوانی پور حلقے کا حصہ ہے، میں دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آ گئے، ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی اور جھڑپ میں ملوث ہو گئے۔ اس وقت ریاست میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ جاری تھی۔
وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی امیدوار ممتا بنرجی کالی گھاٹ میں رہائش پذیر ہیں۔
یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب ادھیکاری علاقے میں پہنچے اور ٹی ایم سی کارکنوں نے جے بنگلا کے نعرے لگانے شروع کر دیے۔ اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ کولکاتہ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا، ہم نے دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کو وہاں سے ہٹا دیا ہے۔
جنوبی کولکاتہ کے بھوانی پور میں ادھیکاری اور بنرجی کے درمیان یہ بڑا مقابلہ سیاسی طور پر خاصی گرماہٹ پیدا کر رہا ہے اور اس حلقے کو قومی سطح پر مرکزِ توجہ بنائے ہوئے ہے۔
ادھیکاری نے ووٹنگ کے دوران مختلف پولنگ بوتھوں کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کے ایک بڑے قافلے کے ساتھ ٹی ایم سی کے مظاہرے کا سامنا کیا۔ جب کارکنوں نے جے بنگلا کے نعرے لگائے تو ادھیکاری نے جواب میں کہا، مسلمان جے بنگلا کے نعرے لگا رہے ہیں جبکہ ہندو بی جے پی کے ساتھ ہیں۔
اس سے قبل صبح کے وقت جب ممتا بنرجی اپنے گھر سے نکل کر حلقے کے دورے پر نکلیں تو ادھیکاری نے ان پر کئی الزامات عائد کیے۔
انہوں نے کہا، ممتا ایک امیدوار ہیں، وہ بوتھوں کا دورہ کر سکتی ہیں مگر غنڈہ گردی کیوں کر رہی ہیں؟ کیا آپ لوگوں کو ڈرانے آئی ہیں؟ اتنے لوگوں کے ساتھ یہاں کیوں آئی ہیں؟ کیا فساد کرنے آئی ہیں؟
ادھیکاری نے یہ بھی الزام لگایا کہ بھوانی پور میں ووٹنگ کی رفتار سست ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بنرجی خوفزدہ ہیں کیونکہ ان کی پولیس کی جگہ مرکزی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے ایک پولنگ اسٹیشن کے باہر صحافیوں سے کہا، اس بار ہم اسے جانے نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ ادھیکاری نے 2021 کے اسمبلی انتخابات میں مشرقی مدناپور ضلع کے نندی گرام حلقے سے ممتا بنرجی کو معمولی فرق سے شکست دی تھی۔ تاہم ترنمول کانگریس نے مجموعی طور پر زبردست اکثریت حاصل کی اور بنرجی دوبارہ وزیر اعلیٰ بن گئیں۔ بعد میں وہ بھوانی پور سے ضمنی انتخاب جیت کر رکن اسمبلی منتخب ہوئیں۔