ہردوئی، 29 اپریل (یو این آئی): وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ جدید ترقی کے اس دور میں گنگا ایکسپریس وے اتر پردیش کی ترقی کی نئی لائف لائن بنے گا۔ گنگا ایکسپریس وے محض ایک ہائی اسپیڈ سڑک نہیں ہے بلکہ یہ نئے امکانات، نئے خوابوں اور نئے مواقع کا ایک گیٹ وے ہے جو اتر پردیش کے 12 اضلاع کے کروڑوں لوگوں کی زندگی بدل دے گا۔
میرٹھ سے پریاگ راج کے درمیان نو تعمیر شدہ گنگا ایکسپریس وے کو ملک کے نام وقف کرنے کے بعد منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، "یہ ایک حیرت انگیز اتفاق ہے کہ گزشتہ چار پانچ دنوں سے میں ماں گنگا کے قرب میں ہی رہا ہوں۔ 24 اپریل کو جب میں بنگال میں تھا تو ماں گنگا کے درشن کیے تھے، اور پھر کل میں کاشی میں تھا۔ آج صبح ہی ایک بار پھر بابا وشوناتھ، ماں اناپورنا اور ماں گنگا کے درشن کا شرف حاصل ہوا ہے اور اب ماں گنگا کے نام پر بنے اس ایکسپریس وے کے افتتاح کا موقع ملا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ یوپی حکومت نے اس ایکسپریس وے کا نام ماں گنگا کے نام پر رکھا ہے۔ اس میں ترقی کا ہمارا وژن بھی جھلکتا ہے اور ہماری وراثت کے درشن بھی ہوتے ہیں۔ میں یوپی کے کروڑوں لوگوں کو گنگا ایکسپریس وے کی مبارکباد دیتا ہوں۔"
انہوں نے کہا، "آج یوپی کے ایکسپریس ویز سے بھی زیادہ رفتار اگر کہیں ہے، تو وہ یوپی کی ترقی کی رفتار ہی ہے۔ دسمبر 2021 میں گنگا ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے میں شاہجہاں پور آیا تھا۔ ابھی پانچ سال سے بھی کم وقت ہوا ہے، اور ملک کے سب سے بڑے ایکسپریس ویز میں شمار یوپی کا سب سے طویل گرین کوریڈور ایکسپریس وے بن کر تیار ہو گیا ہے۔ ایک طرف گنگا ایکسپریس وے کی تعمیر مکمل ہوئی ہے، تو ساتھ ہی اس کی توسیع کے منصوبے پر کام بھی شروع ہو گیا ہے۔ جلد ہی گنگا ایکسپریس وے میرٹھ سے آگے بڑھ کر ہریدوار تک پہنچے گا۔ اس کے مزید بہتر استعمال کے لیے فرخ آباد لنک ایکسپریس وے کی تعمیر کر کے اسے دیگر ایکسپریس ویز سے بھی جوڑا جائے گا۔"
انہوں نے کہا، "کچھ دن پہلے مجھے دہلی-دہرادون ایکسپریس وے کے افتتاح کا موقع ملا تھا۔ تب میں نے کہا تھا کہ یہ نئے بنتے ایکسپریس وے، ترقی یافتہ ہندوستان کی لکیریں ہیں اور یہ جدید لکیریں آج ہندوستان کے روشن مستقبل کا اعلان کر رہی ہیں۔" وزیر اعظم نے کہا کہ اب وہ دور چلا گیا جب ایک سڑک کے لیے دہائیوں تک انتظار کرنا پڑتا تھا۔ ایک بار اعلان ہو گیا تو برسوں تک فائلیں چلتی تھیں۔ الیکشن کے لیے پتھر لگ جاتا تھا، اس کے بعد حکومتیں آتی جاتی رہتی تھیں لیکن کام کا کچھ اتہ پتہ نہیں ہوتا تھا۔ کبھی کبھی تو پرانی فائلیں ڈھونڈنے کے لیے بڑے بڑے افسران کو دو دو سال تک محنت کرنی پڑتی تھی۔ ڈبل انجن حکومت میں سنگ بنیاد بھی ہوتا ہے اور مقررہ وقت میں افتتاح بھی ہو کر رہتا ہے۔