جے پور، یکم اپریل (یو این آئی): راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے ریاستی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا نجی اسپتالوں کے مفاد کے لیے راجستھان کے سرکاری اسپتالوں کو برباد کیا جا رہا ہے؟
مسٹر گہلوت نے بدھ کے روز اپنی سوشل میڈیا سیریز 'انتظار شاستر' کی دسویں کڑی میں یہ الزامات عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ 50 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کردہ سوائی مان سنگھ اسپتال کا 'انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی' مکمل طور پر تیار ہے، لیکن اسے اب تک عوام کے لیے کیوں نہیں کھولا گیا؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بی جے پی حکومت کے پاس اس تیار شدہ ادارے کا افتتاح کرنے (فیتہ کاٹنے) کا بھی وقت نہیں ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی سیاسی انتقامی کارروائی عوام کی زندگیوں پر بھاری پڑ رہی ہے اور صحت کے ساتھ کھلواڑ بند ہونا چاہیے۔