نئی دہلی، یکم اپریل (یو این آئی) مغربی ایشیا کے بحران کی وجہ سے سپلائی میں رکاوٹوں کے درمیان آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بدھ سے 19 کلو کے کمرشل کھانا پکانے والے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں زبردست اضافے کا اعلان کیا ہے۔
ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں یکم اپریل سے 19 کلو گرام کا ایل پی جی سلنڈر 2,078.50 روپے میں دستیاب ہوگا۔ اس کی قیمت 7 مارچ کو بڑھا کر 1,883 روپے کی گئی تھی۔ اس طرح اب یہ 195.50 روپے یعنی 10.38 فیصد مہنگا ہو گیا ہے۔
اس سال یکم جنوری سے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں یہ پانچواں اضافہ ہے۔ اس دوران دہلی میں یہ 498 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔
گھریلو استعمال کے لیے 14 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس میں 7 مارچ کو 60 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا اور فی الحال دہلی میں اس کی قیمت 913 روپے فی سلنڈر ہے۔
کولکتہ میں یکم اپریل سے کمرشل ایل پی جی سلنڈر 218 روپے (10.95 فیصد) بڑھ کر 2،208 روپے اور ممبئی میں 196 روپے (10.68 فیصد) بڑھ کر 2،031 روپے ہو گئی ہے۔
چنئی میں اس کی قیمت 203 روپے (9.93 فیصد) بڑھ کر اب 2246.50 روپے فی سلنڈر ہو گئی ہے۔