Jadid Khabar

ایران پر امریکہ اسرائیل حملہ غلط تھا، ایران کا پڑوسی ممالک پر حملہ بھی بلا جواز: ششی تھرور

Thumb

نئی دہلی،13مارچ (یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کا ایران کے خلاف حملہ غلط تھا لیکن ایران نے ان پڑوسی ممالک پر حملہ کرکے بھی غلط کیا ہے جو جنگ میں شامل نہیں ہیں۔ 
مسٹر ششی تھرور نے جمعہ کے روز یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنا درست نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں اور اس کے نتیجے میں ایران کے پڑوسی ممالک پر حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سنگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کے درمیان ہندوستان کی خاموشی بھی درست نہیں ہے۔ 
انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کو اصولی طور پر غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے دفاع کے معاملے کو جواز نہیں بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بات چیت چل رہی تھی اور ایران رضامندی کے لیے تیار تھا تو پھر اپنے دفاع کا سوال کہاں سے آتا ہے۔ انہوں نے جنگ میں شامل نہ ہونے والے ممالک پر ایران کے حملوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور یہ کارروائی کسی بھی طرح جائز نہیں ہے۔ ان حملوں میں کچھ بے گناہ ہندوستانی شہری بھی مارے گئے۔ یہ شہری بے قصور تھے اور کسی کی طرف سے نہیں لڑ رہے تھے۔ 
کانگریس لیڈر نے کہا کہ اب حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ اطلاعات کے مطابق تھائی لینڈ کا جھنڈا بردار ٹینکر پر حملے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حملے درست نہیں ہیں۔ 
انہوں نے کہا، "ہم عدم تشدد کے پیامبر مہاتما گاندھی کی سرزمین کے لوگ ہیں۔ ہم امن چاہتے ہیں، اور ہمارے وزیر خارجہ خلیجی ممالک میں اپنے ہم منصبوں سے بھی بات کر رہے ہیں، اور میرا خیال ہے کہ ہندوستان کو زیادہ سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہم اس ماحول میں خاموش نہیں رہ سکتے ہیں"۔