ممبئی، 10 مارچ (یواین آئی) گھریلو شیئر بازاروں میں منگل کو تیزی لوٹ آئی اور بی ایس ای کا سینسیکس 639.82 پوائنٹ (0.82 فیصد) بڑھ کر 78,205.98 پوائنٹ پر بند ہوا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی-50 اشاریہ بھی 233.55 پوائنٹ یعنی 0.97 فیصد اوپر 24,261.60 پوائنٹ پر پہنچ گیا۔
گزشتہ 26 فروری کے بعد چھ کاروباری دنوں میں دونوں بڑے اشاریے 5.7 فیصد گر گئے تھے۔ اس دوران صرف ایک دن بازار میں تیزی رہی تھی۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ایران جنگ جلد ختم ہونے کے بیان کے بعد عالمی سطح پر تمام شیئر بازاروں میں تیزی دیکھنے کو ملی۔ گھریلو بازاروں پر بھی اس کا اثر دکھا۔
درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں میں زیادہ خریداری رہی۔ نفٹی مڈکیپ-50 اشاریہ 1.60 فیصد اور اسمال کیپ-100 اشاریہ 2.12 فیصد کے اضافے میں رہا۔
آئی ٹی اور تیل و گیس کو چھوڑ کر دیگر تمام شعبوں میں تیزی رہی۔ آٹو، فنانس، پائیدار صارفین مصنوعات، بینکنگ، ریئلٹی، فارما، دھات، میڈیا اور کیمیکل گروپوں میں خریداری زیادہ رہی۔
مہندرا اینڈ مہندرا اور انڈیگو کے شیئر تقریباً ساڑھے تین فیصد مضبوط ہوئے۔ ماروتی سوزوکی، آئی سی آئی سی آئی بینک، ایشین پینٹس، الٹرا ٹیک سیمنٹ، ٹاٹا اسٹیل اور ایکسس بینک کے شیئر دو سے تین فیصد کے درمیان بڑھے۔
کوٹک مہندرا بینک، ٹائٹن، بجاج فنسرو، بی ای ایل، بھارتیہ اسٹیٹ بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک اور پاور گرڈ کے شیئر ایک فیصد سے زیادہ اضافے میں رہا۔ آئی ٹی سی، ایل اینڈ ٹی، ٹرینٹ اور سن فارما کے شیئر بھی سبز نشان میں رہے۔
ایٹرنل اور انفوسس کے شیئر تقریباً ڈیڑھ فیصد گر گئے۔ ریلائنس انڈسٹریز کا شیئر بھی ایک فیصد سے زیادہ نیچے آیا۔ بھارتی ایئرٹیل اور ٹی سی ایس میں بھی گراوٹ رہی۔