نئی دہلی، 06 مارچ (یواین آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے وزیرِ اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آخر ایسی کیا مجبوری ہے کہ ہر قدم پر آپ (مودی) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سامنے جھک گئے اور ان کے سامنے بولنے کی بھی ہمت نہ ہوئی۔
مسٹر کیجریوال نے ایکس پر کہاکہ "ہندوستان کو روس سے تیل خریدنے کی اجازت دینے والا امریکہ کون ہوتا ہے؟ ہندوستان کو امریکہ سے اجازت کی کیوں ضرورت ہے؟ پچھلے چند مہینوں میں عوام نے بڑی تکلیف کے ساتھ دیکھا ہے کہ کس طرح ایک کے بعد ایک، ہر قدم پر آپ ٹرمپ کے سامنے جھک گئے اور آپ کی ان کے سامنے بولنے کی بھی ہمت نہیں ہوئی۔"
اے اے پی کنوینر نے کہاکہ "مودی جی، آخر آپ کی ایسی کون سی مجبوری ہے جس کی وجہ سے آپ ٹرمپ کے سامنے پوری طرح جھک گئے ہیں۔ ہندوستان ہزاروں سال پرانا ملک ہے۔ ہندوستان 140 کروڑ لوگوں کا عظیم ملک ہے۔ ہندوستان نے ایک سے بڑھ کر ایک بہادر سپاہی پیدا کیے ہیں۔ آج تک ہندوستان نے کسی بھی ملک کے سامنے اس طرح سر نہیں جھکایا۔ آج تک ہندوستانی تاریخ میں کبھی بھی ہندوستان کی قیادت اتنی کمزور نہیں رہی۔"
اے اے پی لیڈر نے کہاکہ "اگر واقعی آپ کی کوئی ایسی مجبوری ہے جس کا فائدہ ٹرمپ اٹھا رہا ہے، تو ہندوستان اور ہندوستانی مفادات کی خاطر، براہِ کرم استعفیٰ دے دیجیے۔ مگر بھارت ماتا کا سر نہ جھکائیے۔ تمام عوام کو اس سے شدید تکلیف ہو رہی ہے۔"
قابلِ ذکر ہے کہ امریکہ نے بین الاقوامی بازار میں تیل کی سپلائی برقرار رکھنے کے لیے ہندوستانی ریفائنریوں کو روس سے تیل خریدنے کے لیے 30 دن کی رعایت دی ہے۔