Jadid Khabar

یو پی ایس سی 2025 کا ریزلٹ جاری، انوج اگنی ہوتری نے حاصل کیا اوّل مقام

Thumb

یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) نے 6 مارچ کو یو پی ایس سی سول سروسز 2025 کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا۔ جاری ریزلٹ کے مطابق انوج اگنی ہوتری نے اس مشہور امتحان میں اوّل مقام حاصل کیا ہے۔ انوج کے بعد راجیشوری سوے نے دوسری اور آکانش دھُل نے تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ جو جانکاریاں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق 180 طلبا کا انتخاب آئی اے ایس (انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس) کے لیے کیا گیا ہے۔

سول سروسز امتحان میں پہلے 10 مقام کی بات کریں، تو اس میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے اے آر راجہ محی الدین کا نام بھی شامل ہے۔ ٹاپ-10 میں جگہ بنانے والے امیدواروں کے نام بالترتیب انوج اگنی ہوتری، راجیشوری سوے، آکانش دھُل، راگھو جھن جھن والا، ایشان بھٹناگر، زینیا اروڑا، اے آر راجہ محی الدین، پکشل سکریٹری، آستھا جین او اُجول پریانک ہیں۔ اسی طرح 11ویں سے 20ویں مقام پر بالترتیب یشسوی راج وردھن، اکشت بھاردواج، اننیا شرما، سربھی یادو، سمرن دیپ کور، مونیکا شریواستو، چتون جین، شروتی آر، نثار دیشانت امرت لال اور روی راز کے نام ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال 25 مئی کو سول سروسز کا ابتدائی امتحان ہوا تھا اور مینس امتحان 22 اگست سے 31 اگست 2025 تک کرایا گیا تھا۔ آخری دور کا امتحان، یعنی انٹرویو 27 فروری 2026 کو ختم ہوا تھا۔ مینس امتحان کے بعد 2736 طلبا کو انٹرویو کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ یو پی ایس سی کے اس اہم امتحان کے لیے انٹرویو کی ابتدا 5 جنوری 2026 سے ہو گئی تھی اور یہ عمل 27 فروری تک چلا تھا۔ ریزلٹ جاری ہونے کے بعد 15 دنوں کے اندر سبھی کے نمبرات یو پی ایس سی کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کر دیے جائیں گے۔
یو پی ایس سی کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 958 عہدوں پر تقرری کی گئی ہے اور پاس کرنے والوں میں 180 کامیاب امیدوار آئی اے ایس میں جائیں گے، جبکہ 55 آئی ایف ایس میں اور 150 آئی پی ایس میں جائیں گے۔ آئی اے ایس کے لیے 180 عہدوں میں سے 74 جنرل ہیں، جبکہ 28 ایس سی، 13 ایس ٹی، 47 او بی سی اور 18 ای ڈبلیو ایس طبقہ کے لیے ریزرو ہے۔