Jadid Khabar

غلط جانچ رپورٹ لگانے والوں کے خلاف درج ہو ایف آئی آر: یوگی آدتیہ ناتھ

Thumb

گورکھپور، 14 فروری (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو سخت ہدایات دی ہیں کہ کسی معاملے کی جانچ کے دوران اگر غلط رپورٹ پیش کی جاتی ہے تو متعلقہ فرد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ 


مسٹر یوگی نے ہفتہ کی صبح گورکھ ناتھ مندر میں منعقدہ جن سنوائی (جنتا درشن) کے دوران لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کے افسران کو ہدایت دی کہ ہر معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کر کے ہی اس کا حل نکالا جائے۔ کسی بھی معاملے میں لاپرواہی یا سستی ناقابلِ معافی ہوگی۔ 


گورکھ ناتھ مندر احاطے میں مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی بھون کے باہر منعقدہ جنتا درشن میں وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تقریباً 150 افراد سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور یقین دہانی کرائی کہ کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہر مسئلے کا مؤثر حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے موقع پر ہی انتظامیہ اور پولیس افسران کو واضح ہدایات دیں کہ عوامی مسائل کا بروقت، منصفانہ اور معیاری حل کیا جائے۔ 


جنتا درشن میں کچھ ایسے معاملات بھی سامنے آئے جن میں شکایت کی گئی کہ کیس میں غلط رپورٹ لگائی گئی ہے۔ اس پر وزیرِ اعلیٰ نے افسران سے کہا کہ تحقیقات کر کے غلط رپورٹ لگانے والے کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد میں کسی قسم کی سستی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر عوامی مسائل کے حل میں کسی بھی سطح پر تاخیر یا رکاوٹ پائی گئی تو متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی یقینی ہے۔ انہوں نے زمین پر ناجائز قبضے کی شکایات پر قانون کے مطابق سخت اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت دی۔