Jadid Khabar

بجٹ اترپردیش کے تعمیرنو کی نئی داستان:یوگی

Thumb

لکھنؤ:11 فروری (یواین آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کو اترپردیش کی "تعمیرنو کی نئی داستان" قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ نو برسوں میں ریاست نے اپنی شبیہ بدلنے میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اتر پردیش آج ایک پوٹینشل ہب کے طور پر ابھرا ہے اور ملک کی سرفہرست تین معیشتوں میں اپنی جگہ بنا چکا ہے۔  اسمبلی میں بجٹ پیش ہونے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سال کا بجٹ 9 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا ہے، جو گزشتہ نو برسوں میں تین گنا سے بھی زیادہ بڑھا ہے۔ 

بجٹ کا موضوع "محفوظ عورت، باصلاحیت نوجوان، خوشحال کسان اور ہر ہاتھ کو کام" رکھا گیا ہے۔  انہوں نے بتایا کہ تقریباً 43,565 کروڑ روپے نئی اسکیموں کے لیے تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ 2 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کیپٹل اخراجات کے لیے مختص کی گئی ہے، جس سے تعمیراتی کاموں کے ذریعے روزگار اور ترقی کو رفتار ملے گی۔ 

 یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ یہ ان کی حکومت کا دسواں بجٹ ہے اور پہلی بار کسی وزیر اعلیٰ کو مسلسل دسویں مرتبہ بجٹ پیش کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ نو برسوں میں ریاست میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ ٹیکس چوری پر مؤثر کنٹرول اور مالیاتی بندوبست کے باعث اتر پردیش کو ریونیو پلس ریاست کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔

  انہوں نے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے اور اب تک 50 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہو چکی ہیں۔ بہترنظم ونسق اور سکیورٹی کی ضمانت نے سرمایہ کاروں اور عام شہریوں کا اعتماد بڑھایا ہے۔  ٹیکنالوجی کے میدان میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں اسٹیٹ ڈیٹا اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے لیے ڈیٹا سینٹر کلسٹر قائم کیے جائیں گے اور اے آئی مشن کا بھی آغاز ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ اتر پردیش ٹیکنالوجی سے مالا مال ریاست بننے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔  زرعی شعبے پر بات کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ کسان کو صنعت کار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ زراعت میں ڈیزل پمپ سیٹ کے ذریعے آبپاشی کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے اور پی ایم کسم یوجنا کا فائدہ بھی کسانوں کو دیا جا رہا ہے۔ 

ریاست کی 44 شوگر ملوں کی جدید کاری سے تقریباً 10 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف کلسٹر قائم کیے جا رہے ہیں، جن میں کاشی اور مرزا پور سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتر پردیش نے خود کو اچیورس اسٹیٹ کے طور پر ترقی دینے کا عزم کیا ہے اور یہ بجٹ اسی سمت میں ایک مضبوط قدم ہے۔  

قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش حکومت نے مالی سال 2026-2027 کے لیے 9,12,696 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا ہے۔ بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ سریش کھنہ نے کہا کہ یہ بجٹ ریاست کی ہمہ جہت، متوازن اور بنیادی ڈھانچے پر مبنی ترقی کے تئیں حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔