Jadid Khabar

حکومت راہل گاندھی کے خلاف مراعات شکنی کی تحریک پیش کرے گی: کرن رجیجو

Thumb

نئی دہلی، 11 فروری (یو این آئی) پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ حکومت نے لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی کے ذریعہ ایوان میں ایک وزیر کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے پر ان کے خلاف مراعات شکنی کی تحریک لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
مسٹر کرن رجیجو نے بدھ کے روز پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی نے بغیر پیشگی اطلاع کے ایوان میں کابینہ کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ یہ مراعات کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس کی اطلاع لوک سبھا کے اسپیکر کو دی جائے گی۔ 
مسٹر کرن رجیجو نے کہا کہ بجٹ پر بحث کے دوران مسٹر راہل گاندھی نے کوئی مفید یا ٹھوس بیان نہیں دیا۔ وہ صرف بے بنیاد الزامات لگا رہے تھے۔ 
مسٹر رجیجو نے ان سے کہا کہ وہ ایوان میں شام 5 بجے موجود رہیں جب وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن بحث کا جواب دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف تقریر کرنے کے بعد ایوان سے چلے گئے۔ اس اصول کے باوجود کہ کوئی رکن تقریر ختم کرنے کے فوراً بعد ایوان سے نہیں نکلتے۔ مسٹر راہل گاندھی ہمیشہ تقریر کرنے کے بعد ایوان سے نکل جاتے ہیں۔ یہ ایک سنگین معاملہ ہے۔