Jadid Khabar

وادی کشمیر میں بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے: عمر عبداللہ

Thumb

سری نگر، 23 جنوری (یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ وادی میں بجلی کی سپلائی بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں جو تیز ہواؤں اور شدید برفباری سے بری طرح متاثر ہوئی تھی۔


واضح رہے کہ وادی میں گذشتہ شب تیز ہوائوں اور اس کے بعد شروع ہونے والی برف باری سے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں اور بجلی کا نظام بھی درہم وبرہم ہو گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا: 'کے پی ڈی سی ایل کے مطابق وادی میں اس وقت فعال بجلی لوڈ 100 میگاواٹ سے بھی کم ہے جبکہ معمول کے دنوں میں یہ تقریباً 17 سو میگاواٹ ہوتا ہے اس کی بنیادی وجہ تقریباً تمام 33 کے وی فیڈرز کی بندش ہے جن میں وہ فیڈرز بھی شامل ہیں جو ہنگامی خدمات کو بجلی فراہم کرتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بحالی کے لئے ٹیمیں کام پر لگی ہوئی ہیں تاہم بجلی لائنوں پر درختوں کے بڑے پیمانے پر گرنے اور تیز ہوائوں کے باعث کام میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

ان کا پوسٹ میں کہنا ہے کہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے لیکن موجودہ موسمی حالات کے باعث اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔