Jadid Khabar

جمہوریت کے استحکام کے لیے عدلیہ کا مضبوط ہونا ضروری ہے: یوگی

Thumb

چندولی، 17 جنوری (یو این آئی) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ کہا کہ جمہوریت کو بااختیار بنانے کے لئے مضبوط عدلیہ ضروری ہے۔ عام آدمی کو آسانی اور سہولت کے ساتھ انصاف ملے، اس کے لیے بہتر اور معیاری انفراسٹرکچر کی فراہمی بھی لازمی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ جب بھی حکومت کے پاس عدالتی نظام سے متعلق کوئی معاملہ آتا ہے تو اس پر فوری کارروائی کی جاتی ہے اور کسی قسم کی تاخیر نہیں کی جاتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ''مجھے خوشی ہے کہ اتر پردیش حکومت نے پہلے مرحلے میں چھ اضلاع کے لیے مالی رقم جاری کر دی ہے۔ منصوبے کا ڈیزائن منظور ہو چکا ہے اور تمام رسمی کارروائیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ آج جیسے ہی چیف جسٹس کی جانب سے سنگ بنیاد کی تقریب انجام دی جائے گی، ویسے ہی ایل اینڈ ٹی جیسی عالمی شہرت یافتہ اداروں کے ذریعے تعمیراتی کام تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔'' 
انہوں نے کہا کہ آج چندولی، مہوبہ، امیٹھی، شاملی، ہاتھرس اور اوریا کے مربوط عدالتی کمپلیکس کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ باقی چار اضلاع سے متعلق تمام رسمی کارروائیاں چند ماہ میں مکمل کر لی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق یہ کام ہندوستان کی عدالتی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا اور اس کی شروعات آج چیف جسٹس کے دستِ مبارک سے ہونے جا رہی ہے۔