نئی دہلی، 17 جنوری (یو این آئی) وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستانی ریلوے جدید ہونے کے ساتھ ساتھ خود کفیل بھی بنتی جا رہی ہے۔ ریل انجن، ریل کے ڈبے اور ہندوستان کے میٹرو کوچ اب ملک کی تکنیکی صلاحیت کی شناخت بن رہے ہیں۔
مسٹر مودی نے ہفتہ کے روز مغربی بنگال کے مالدہ میں 3,250 کروڑ روپے سے زائد کے ریل اور سڑک بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندیوں کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ ہندوستانی ریلوے نہ صرف جدید ہو رہی ہے بلکہ خود کفیل کی راہ پر بھی گامزن ہے۔ ہندوستان کے ریل انجن، کوچز اور میٹرو ٹرینیں اب ملک کی ٹیکنالوجی کی علامت بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان امریکہ اور یورپ کے مقابلے زیادہ لوکوموٹیوز تیار کر رہا ہے اور دنیا کے کئی ممالک کو مسافر ٹرینوں اور میٹرو ٹرینوں کے کوچ برآمد کیے جا رہے ہیں۔ اس سے ہماری معیشت کو بڑا فائدہ ہو رہا ہے اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کو جوڑنا ہماری ترجیح ہے، فاصلے کم کرنا ہمارا مشن ہے اور یہ بات اس پروگرام میں بھی صاف نظر آتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج مالدہ سے مغربی بنگال کی ترقی کو نئی رفتار ملی ہے۔ کئی پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے، جس سے یہاں کے لوگوں کو نئے مواقع حاصل ہوں گے۔ آج سے وندے بھارت سلیپر ٹرینوں کا آغاز ہو رہا ہے جو لوگوں کے سفر کو یادگار بنائیں گی۔ وندے بھارت ٹرین میں وکست بھارت کی تصویر نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کبھی ہم غیر ملکی ٹرینوں کو دیکھ کر کہتے تھے کہ کاش ایسی ٹرین ہندوستان میں بھی ہوتی، اور آج اسی خواب کو حقیقت میں بدلا جا رہا ہے۔ یہ وندے بھارت سلیپر ٹرین ماں کالی اور کاماکھیا کی سرزمین کو جوڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے اس وقت ایک ہمہ جہت تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ مغربی بنگال سمیت پورے ملک میں 150 سے زیادہ وندے بھارت ٹرینیں چل رہی ہیں۔ آج بنگال کو مزید چار جدید امرت بھارت ٹرینیں ملی ہیں، جس سے بنگال، بالخصوص شمالی بنگال، جنوبی اور مغربی ہند سے مزید مضبوطی سے جُڑ جائے گا۔