Jadid Khabar

منی پور: خاتون تنظیم نے گرفتار 5 نوجوانوں کی رِہائی کا کیا مطالبہ، 48 گھنٹے کے لیے امپھال بند کا اعلان

Thumb

منی پور میں حالات جیسے ہی کچھ بہتر ہوتے ہیں، کوئی نیا معاملہ سامنے آ جاتا ہے۔ اب منی پور کی وادی امپھال میں میتئی خواتین کی تنظیم ’میرا پیبی‘ اور دیگر مقامی کلب نے پیر کی نصف شب سے 48 گھنٹے کے لیے بند کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ بند ہتھیار لے جانے اور وردی پہننے کے الزام میں گرفتار کیے گئے پانچ نوجوانوں کی رِہائی کے لیے بلایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح بازار اور دکانیں بند رہنے کے سبب معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر رہا۔ حالانکہ سڑکوں پر کچھ گاڑیاں چلتی ہوئی ضرور دکھائی دیں، لیکن بند کا خطارہ خواہ اثر بھی ہے۔ پیر کے روز مشرقی امپھال کے کھرئی اور کونگبا، بشنوپور ضلع کے نامبول، مغربی امپھال کے کاکوا اور تھوبل ضلع کے کچھ علاقوں میں میرا پیبی نے سڑکوں کو رخنہ انداز کر دیا تھا۔ منی پور پولیس نے ہفتہ کو پانچ نوجوانوں کو وردی پہن کر اسلحہ لے جانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ ان پانچوں کو جیوڈیشیل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جس کے بعد انھیں پولیس حراست میں بھیجا گیا۔
آئل لینتھابل سنٹر یونائٹیڈ کورڈنیٹنگ کمیٹی کے صدر یمنام ہٹلر نے کہا کہ گرفتار کیے گئے پانچوں نوجوان یہاں کے شہری اور گاؤں کے سویم سیوک ہیں۔ وہ سبھی اپنے گاؤں کو کوکی-زو شورش پسندوں کے حملے سے بچانے کے لیے رکھوالی کر رہے تھے۔ ہم ان کی رِہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اگر حکومت انھیں رِہا کرنے میں ناکام رہی تو یہ تحریک مزید تیز ہوگی۔ ہفتہ کو مظاہرین نے پورومپت پولیس اسٹیشن کے سامنے نوجوانوں کی رِہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ بھی کیا تھا۔ اس دوران کچھ مظاہرین اور آر اے ایف کے جوان کو معمولی چوٹیں بھی آئی تھیں۔