ہماچل پردیش میں مانسون کی بارش حالات دن بہ دن بگڑتے جا رہے ہیں۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی) کے ذریعہ جمعہ کی صبح 10 بجے جاری رپورٹ کے مطابق ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 140 سڑکیں بند، 46 بجلی کے ٹرانسفارمر ٹھپ اور 244 پینے کے پانی کی اسکیمیں متاثر ہوئی ہیں۔ ایک روز قبل شام کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 136 سڑکیں بند، 3 ٹرانسفارمر متاثر اور 242 پینے کے پانی کی اسکیمیں متاثر ہیں۔ یعنی صبح تک سڑکوں کے بند ہونے، ٹرانسفارمر ٹھپ ہونے اور پینے کے پانی کی اسکیموں کے متاثر ہونے کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
بارش کا سب سے زیادہ اثر منڈی ضلع میں دیکھنے کو ملا ہے۔ یہاں 52 سڑکیں بند ہیں۔ ان میں سراج میں 35، تھلاؤٹ میں سات، پدھر میں 5، سندر نگر اور جوگندر نگر میں 1-1، دھرم پور میں 1 اور سرکاغاٹ میں 2 سڑکیں شامل ہیں۔ ضلع میں 212 بجلی کے تقسیم کار ٹرانسفارمر بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے بعد کلو میں 37 سڑکیں بند ہیں۔ بنجار میں 15، کلو میں 8، آنی میں 6 اور نرمنڈ میں 8 سڑکیں متاثر ہیں۔ ضلع میں بنجار کے 2 اور منالی کا 1 ٹرانسفارمر بھی متاثر ہے
چمبا ضلع میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مجموعی طور پر 29 سڑکیں بند ہیں۔ ان میں چمبا سب ڈویژن کی 4، ڈلہوزی کی 1، تیسا کی 8، بھرماور کی 2، سلوڑی کی 4، پانگی کی 1 اور بھٹیات کی 9 سڑکیں شامل ہیں۔ ضلع میں 6 ٹرانسفارمر اور پینے کے پانی کی 16 اسکیمیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
شملہ ضلع میں 4 سڑکیں بند ہیں۔ تھیوگ، رام پور اور سنی میں 1-1 سڑک متاثر ہے، وہیں سرمور میں 7 سڑکیں بند ہیں، جن میں ناہن کی 3، سنگڑاہ کی 3 اور راج گڑھ کی 1 سڑک شامل ہے۔ سرمور میں پینے کے پانی کی 35 اسکیمیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ اونا میں بھی 4 سڑکیں بند ہیں۔ ان میں اونا سب ڈویژن کی 2 اور گگریٹ کی 2 سڑکیں شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مانسون کے دوران 30 جون سے 13 اگست تک ریاست میں آفات کے باعث 177 افراد کی موت درج کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 271 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور 708 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ مانسون سے اب تک مجموعی نقصان 95,552.23 لاکھ روپے درج کیا گیا ہے۔ ضلع سطح پر آفات کے باعث ہونے والی اموات میں چمبا 25، کلو 23، سرمور 23، کانگڑا 22 اور شملہ 22 اموات کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں۔ منڈی، سولن اور اونا میں 10-10 اموات درج کی گئی ہیں۔ مانسون کے دوران سڑک حادثات بھی جانلیوا ثابت ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں سڑک حادثات میں 100 اموات درج کی گئی ہیں۔ ان میں چمبا میں 16، سرمور میں 16، کلو میں 14، کانگڑا میں 10 اور شملہ میں 11 اموات شامل ہیں۔