Jadid Khabar

مودی حکومت کی خاموشی اور زیادہ خطرناک: راہل گاندھی

Thumb

نئی دہلی، 14 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے اروناچل پردیش کے کچھ سرحدی علاقوں میں ہندستانی  فوج کو گشت  کرنے سے روک دیا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو انتہائی تشویش ناک قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر شدید سوالات اٹھائے ہیں۔
سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے مسٹر گاندھی نے دعویٰ کیا کہ اروناچل پردیش میں متعدد مقامات پر چین نے ہندستانی  فوج کو پیٹرولنگ کرنے سے روک دیا ہے۔ انہوں نے اسے انتہائی تشویش ناک صورتحال قرار دیا۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ اس سے بھی زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت چین کو روکنے کے بجائے اس خبر کو دبانے کے لیے میڈیا پر دباؤ بنا رہی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے گلوان وادی کے واقعے کے بعد وزیر اعظم مودی کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ چین نے ہندستان  کی زمین کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کیا۔ مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ اس بیان سے ملک کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی وزیر اعظم کی شبیہ  بچانے کا وہی 'آپریشن' جاری ہے۔ مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ ملک کی سلامتی سے اوپر اپنی شبیہ  کو ترجیح دینے والا وزیر اعظم ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔