Jadid Khabar

راج ناتھ نے دولت مشترکہ کھیلوں میں تمغے جیتنے والے جوانوں کے ساتھ بات چیت کی

Thumb

نئی دہلی 14 اگست (یو این آئی) وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل دھیرج سیٹھ نے اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو میں حال ہی میں اختتام پذیرہوئے دولت مشترکہ کھیلوں  میں 16 تمغے (08 سونا، 07 چاندی اور ایک کانسہ) جیتنے والی فوج کی ٹیم کے اراکین کے ساتھ بات چیت کی۔

وزارتِ دفاع نے جمعہ کے روز بتایا کہ ان کھیلوں میں ہندستان  نے کل 39 تمغے جیتے ہیں جن میں سے 18 تمغے (16 فوج اور دو بحریہ) ہندستانی  دفاعی افواج کے جوانوں نے جیتے ہیں۔

وزیرِ دفاع نے جسمانی اور ذہنی دباؤ سے ابھر کر بین الاقوامی کھیل کی تقریب میں ملک کا وقار بڑھانے کے لیے ہندستانی  دفاعی افواج کے مضبوط عزم اور پختہ ارادے کی تعریف کی۔ اس کامیابی کو "غیر معمولی" قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کھلاڑی لوگوں، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے باعثِ تقلید ہیں، کیونکہ وہ "ایک سپاہی اور ایک چیمپئن کا بہترین امتزاج" ہیں۔

مکے بازی (باکسنگ) میں چھ سونے کے تمغوں میں سے چار خاتون باکسروں کے ذریعہ جیتے جانے پر مسٹر سنگھ نے کہا کہ یہ کامیابی ہندستان  کی بڑھتی ہوئی 'ناری شکتی' کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی مزید لڑکیوں کو کھیلوں میں حصہ لینے اور دفاعی افواج میں شامل ہونے کے لیے ترغیب دے گی۔

مسٹر سنگھ نے کہا کہ ملک کے ہر کونے سے ہندستانی  چیمپئن ابھر رہے ہیں۔ انہوں نے ایشیائی کھیلوں اور اولمپکس جیسے آنے والے مقابلوں کے لیے ایتھلیٹوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔

جنرل سیٹھ نے بھی جوانوں کو ان کی شاندار کارکردگی نیز کامیابی کے لیے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔