Jadid Khabar

تبدیلی، اتحاد، آئین کے تحفظ کے لیے سیاسی طاقت ضروری: کھرگے

Thumb

نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی لانے، اتحاد قائم رکھنے، آزادی کو برقرار رکھنے اور آئین کے تحفظ کے لیے مضبوط سیاسی طاقت کا ہونا ضروری ہے۔

مسٹر کھرگے نے جمعرات کے روز یہاں 'رچناتمک کانگریس'  کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی طاقت کے بغیر وسیع تر تبدیلی لانا اور آئین و جمہوریت کی حفاظت کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی حمایت سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اقتدار میں آئی، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد اس کے کچھ رہنماؤں نے یہ کہنا شروع کر دیا کہ بی جے پی اپنے بل بوتے پر حکومت بنا سکتی ہے اور اسے آر ایس ایس کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ایک دوسرے کو مضبوط کرتے ہیں، جبکہ لوگوں کو مذہب کے نام پر بانٹتے ہیں اور ایسا کرنا ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ مسٹر کھرگے نے کہا کہ ملک میں تعمیری پروگرام ہونے چاہئیں، جن سے ہر شخص معاشی اور سماجی طور پر آگے بڑھ سکے۔ ترقی کا فائدہ صرف کارپوریٹ اور صنعت کاروں تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ سماج کے ہر طبقے کو اس کا فائدہ ملنا چاہیے۔

پارلیمنٹ کی کارروائی کے حوالے سے اپوزیشن پر لگائے جانے والے الزامات پر انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ صرف وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر دکھانے کے لیے نہیں ہے۔ ارکانِ پارلیمنٹ عوام کی آواز اٹھانے کے لیے پارلیمنٹ میں آتے ہیں اور وہاں تمام خیالات کو سنا جانا چاہیے۔ انہوں نے میڈیا سے بھی تمام فریقین کے نظریات کو سامنے رکھنے کی توقع ظاہر کی۔

مسٹر کھرگے نے کہا کہ ملک کی آزادی کی جدوجہد اورملک کی تعمیر  میں تعاون دینے والے رہنماؤں کے بارے میں بھی عوام کو بتایا جانا چاہیے۔ انہوں نے پنڈت جواہر لال نہرو، مہاتما گاندھی، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرکاری  شعبے کے اداروں (پی ایس یوز)، اسکولوں اور انجینئرنگ کالجوں سمیت متعدد اداروں کی تعمیر میں کانگریس کا اہم کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں بڑی تعداد میں ڈاکٹر، انجینئر، ماہرینِ اقتصادیات اور تاجر موجود ہیں، لیکن ان کی تیاری میں پہلی حکومتوں اور اداروں کے تعاون کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ مسٹر کھرگے نے کہا کہ تاریخ کو سمجھے بغیر ملک کی تعمیر میں تعاون دینے والے رہنماؤں پر تنقید کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی جمہوریت، آئین اور آزادی کے تحفظ کے لیے مضبوطی سے جدوجہد کریں، کیونکہ اگر آج کی نسل ملک کے لیے نہیں لڑے گی تو آنے والی نسلوں کا مستقبل متاثر ہوگا۔