Jadid Khabar

مانسون اجلاس میں رام مندر چندہ چوری، پیپر لیک اور ایتھنول کے معاملے پر سرکار کو گھیرے گا انڈیا اتحاد: کھرگے

Thumb

نئی دہلی، 20 جولائی (یو این آئی) کانگریس صدر کھرگے نے پیر کو کہا کہ مانسون اجلاس  میں انڈیا اتحاد رام مندر چندہ چوری، پیپر لیک اور ایتھنول کے معاملے پر سرکار کو گھیرے گا۔

پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے آغاز سے پہلے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں انڈیا اتحاد کے لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کے بعد مسٹر کھرگے نے کہا کہ کانگریس اور پورا حزب اختلاف  مانسون سیشن میں عوام کی آواز بن کر مودی سرکار سے ہر سوال کا جواب مانگے گا اور عوامی مفاد سے جڑے تمام مسائل پر سرکار کی جوابدہی طے کرے گا۔ مسٹر کھرگے نے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں شری رام مندر میں مبینہ چندہ چوری اور عقیدت مندوں کے عقیدے سے جڑے معاملے کو نمایاں طور پر اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مندر کی تعمیر کے لیے کروڑوں عقیدت مندوں نے اپنے عقیدے کے ساتھ تعاون کیا ہے، اس لیے اس پورے معاملے کی فوری طور پر آزادانہ جانچ کرائی جائے اور چندے کا پورا حساب عام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پیپر لیک اور تعلیمی نظام کے مبینہ زوال کا مسئلہ بھی زوردار طریقے سے اٹھائے گی ۔ مسٹر کھرگے نے الزام لگایا کہ سال 2014 سے اب تک 152 پیپر لیک ہو چکے ہیں اور اس وجہ سے 25 طلبہ نے اپنی جانیں گنوائی ہیں۔ انہوں نے مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کو برطرف کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ کانگریس صدر نے ساڑھے تین کروڑ گاڑیوں کے مالکان پر مبینہ طور پر زبردستی ایتھنول آمیزش تھوپنے کے مسئلے کو بھی اٹھاتے ہوئے سرکار کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سرکار خود اسے "ایکسپیریمنٹ" بتا رہی ہے اور سوال اٹھایا کہ کیا عوام کی محنت کی کمائی پر بوجھ ڈالنا ہی بی جے پی کی پالیسی بن گئی ہے؟

مسٹر کھرگے نے کہا کہ ان مسائل کے علاوہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں دیگر عوامی مفاد کے مسائل اور سرکار کی طرف سے لائے جانے والے بلوں پر بھی سرکار سے جواب مانگے گی ۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد عوام کے حقوق، عوام کی آواز اور عوام کے بھروسے کی لڑائی پوری مضبوطی سے لڑے گا۔ قابلِ ذکر ہے کہ پیپر لیک معاملے پر طلبہ کا جنتر منتر پر احتجاج مسلسل جاری ہے اور اپوزیشن اس مسئلے کو پارلیمنٹ کے اندر بھی نمایاں طور پر اٹھانے کی تیاری میں ہے۔