Jadid Khabar

ناگپور میں ایلومینیم ایکسٹروزن پریس پروجیکٹ کے بھومی پوجن میں شامل ہوں گے راج ناتھ

Thumb

نئی دہلی 18 جون (یو این آئی) ملک کو دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں خود کفیل بنانے کی سمت میں اہم قدم کے طور پر ناگپور میں جدید ترین ایلومینیم ایکسٹروزن پریس پروجیکٹ کا کام شروع کیا جا رہا ہے اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جمعہ کو اس کے بھومی پوجن پروگرام میں شامل ہوں گے۔
 
وزارت دفاع نے جمعرات کو بتایا کہ مسٹر سنگھ کل مہاراشٹر کے ناگپور میں واقع ینترا انڈیا لمیٹڈ (وائی آئی ایل)، آرڈیننس فیکٹری، امباجھری میں جدید ترین 10,000 ٹن ایلومینیم ایکسٹروزن پریس کے لیے بھومی پوجن کریں گے۔ اس تقریب میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، سکریٹری (دفاعی پیداوار) سنجیو کمار اور محکمہ دفاعی پیداوار نیز وائی آئی ایل کے دیگر سینئر افسران موجود رہیں گے۔
 
مجوزہ ایکسٹروزن پریس دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبے کے لیے ایک اہم قومی اثاثہ ہوگی۔ یہ دفاعی اور ایرو اسپیس شعبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بڑے، اعلیٰ طاقت اور درست ایلومینیم مرکب (ایلوائے) ایکسٹروزن کی پیداوار میں ملک کی صلاحیت کو مضبوط کرے گی۔ یہ پروجیکٹ اہم ایلومینیم ایکسٹرون اجزاء (کمپونینٹس) کی درآمد پر انحصار کم کرنے میں مدد کرے گا اور آتم نربھر بھارت  کے تصور کے تحت مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دے گا۔ ایلومینیم ایکسٹروزن کے عمل میں ایلومینیم کو کھوکھلی، نیم کھوکھلی یا ٹھوس شکلیں دی جاتی ہیں جنہیں ایکسٹروزن کہا جاتا ہے۔ ایکسٹروزن میں ایلومینیم کو پگھلی ہوئی حالت تک گرم کیا جاتا ہے اور اسے ایک ڈائی (سانچے) سے گزارا جاتا ہے، جہاں وہ ایک نئی شکل اختیار کر لیتا ہے۔