Jadid Khabar

گریٹ نکوبار پروجیکٹ: آئی این ایس باز رن وے کی توسیع پر دوبارہ غور کیا جائے: جے رام رمیش

Thumb

نئی دہلی، 12 جون (یو این آئی) کانگریس کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے رکن جے رام رمیش نے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو خط لکھ کر گریٹ نکوبار جزیرہ پروجیکٹ کے تحت مجوزہ گرین فیلڈ ہوائی اڈے کے حوالے سے ماحولیات پر سنگین تشویش کا اظہار کیا ہے۔
 
مسٹر رمیش نے مسٹر سنگھ سے آئی این ایس باز کے موجودہ رن وے کی مکمل توسیع پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ انہوں نے 16 مئی کو بھی وزیر دفاع کو خط لکھ کر مشورہ دیا تھا کہ گریٹ نکوبار میں گاندھی نگر-شاستری نگر علاقے میں نیا ہوائی اڈا بنانے کے بجائے کیمبل بے میں واقع آئی این ایس باز کے رن وے کو وسعت دی جائے، جس سے اسٹریٹجک ضرورتیں پوری ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی نقصان بھی کم ہوگا۔ انہوں نے اس خط میں بھی کہا ہے کہ مجوزہ ہوائی اڈے کے لیے 115 میٹر اونچی دو جنگلاتی پہاڑیوں کو کاٹنا پڑے گا اور تقریباً 225 ایکڑ محفوظ جنگل اور 130 ایکڑ ڈیمڈ فارسٹ متاثر ہوں گے، جو شومپین قبیلے کے روایتی علاقے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس پروجیکٹ سے کچھوؤں کے انڈے دینے والے سمندری ساحلوں، مرجانی چٹانوں (کورل ریفس) اور خطرے سے دوچار نکوبار میگاپوڈ پرندے کے مسکن پر بھی اثر پڑے گا۔
 
کانگریس لیڈر نے کہا کہ پروجیکٹ کی وجہ سے 234 سابق فوجیوں کے خاندانوں کو دوبارہ آبادکاری کے لیے مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گریٹ نکوبار پروجیکٹ کے ماحولیاتی اثرات کا مناسب اور سائنسی جائزہ نہیں لیا گیا ہے۔ خط کی ایک کاپی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کو بھی بھیجی گئی ہے۔