Jadid Khabar

وزیر اعظم مودی کی کرشماتی قیادت سے ملک میں آئی بڑی تبدیلی: یوگی

Thumb

لکھنؤ، 12 جون (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کرشماتی قیادت کا فائدہ ملک کو ملا ہے۔
 
مودی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے پر منعقدہ پروگرام میں یوگی نے مرکزی حکومت کی کامیابیوں کا شمار کرایا اور کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں ملک میں بڑی مثبت تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں "سب کا ساتھ، سب کا وکاس" کو زمین پر اتارا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، "پہلے کی حکومتوں نے سماج کو بانٹنے کا کام کیا، لیکن پی ایم مودی نے غریب، خاتون، نوجوان اور کسان - ان چار ذاتوں کو مرکز میں رکھ کر اسکیمیں بنائیں اور ان کی بہتری  کے لیے کام کیا۔" انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے دنیا میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ اسکیموں کا بہتر نفاذ ہو رہا ہے اور پہلی بار کسی وزیر اعظم نے اسکیموں کو لاگو کرنے کے لیے شاندار کام کیا ہے۔
 
یوگی نے آیوشمان بھارت یوجنا، وزیر اعظم مدرا یوجنا، اسٹینڈ اپ یوجنا، اسٹارٹ اپ یوجنا سمیت کئی فلاحی اسکیموں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اسکیموں کو وسیع حکمت عملی کے ساتھ لاگو کیا گیا اور 12 برسوں میں کامیابی سے نافذ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے 25 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالنے کا کام کیا ہے۔ ان میں سے ہر گھر میں ایک کمانے والا بنا ہے۔ اس کا سب سے زیادہ فائدہ اتر پردیش کو ملا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کبھی اتر پردیش بدعنوانی، بے روزگاری، غنڈہ گردی اور پہچان کے بحران سے جوجھ رہا تھا۔ پی ایم مودی کے ویژن سے یوپی کو فائدہ ملا۔ رہائش اور بیت الخلا جیسی اسکیموں کا فائدہ ریاست کے غریبوں تک پہنچا۔
 
یوگی نے کہا کہ کورونا کے دور میں اتر پردیش میں اکیلے 15 کروڑ لوگوں کو مفت راشن ملا۔ ساتھ ہی 2 کروڑ لوگوں کو مفت رسوئی گیس سلنڈر دستیاب کرائے گئے۔ پہلے آدھی آبادی کے ساتھ امتیازی سلوک ہوتا تھا، عدم تحفظ کا ماحول تھا اور نوکریوں میں سہولیات نہیں ملتی تھیں۔ 2014 کے بعد پی ایم مودی نے "بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ" اسکیم شروع کی۔ آج پیدائش سے لے کر پڑھائی تک بیٹیوں کے لیے حکومت پوری مدد کر رہی ہے۔ پروگرام میں یوگی نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ مرکزی حکومت کی اسکیموں کو گھر گھر تک پہنچا کر "وکست بھارت - وکست اتر پردیش" کے عزم کو پورا کریں۔