ٹرمپ کے کیلیفورنیا میں پرائمری الیکشن پر دھاندلی کے الزامات
واشنگٹن، 8 جون (یو این آئی) امریکی صدرٹرمپ نے کیلیفورنیا میں پرائمری الیکشن پر دھاندلی کےالزامات لگادئیے اور کہا ڈیموکریٹس جان بوجھ کر ووٹوں کی گنتی میں تاخیر کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست کیلیفورنیا میں ہونے والے پرائمری انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کرکے ملک میں ایک نیا سیاسی طوفان کھڑا کر دیا۔ صدر ٹرمپ نے گورنر کیلیفورنیا اور میئر لاس اینجلس کے اہم ترین انتخابات میں ووٹوں کی گنتی میں ہونے والی تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
امریکی میڈیا نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا اور اپنے بیانات میں انتخابی عمل پر سخت تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کیلیفورنیا میں پرائمری انتخابات کو چوری کیا جا رہا ہے اور عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مخالف جماعت ڈیموکریٹس جان بوجھ کر ووٹوں کی گنتی میں تاخیر کر رہے ہیں تاکہ نتائج کو متاثر کیا جا سکے۔
دوسری جانب کیلیفورنیا کے انتخابی حکام نے صدر ٹرمپ کے ان تمام الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ریاست بھر میں ووٹوں کی گنتی مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور قانونی طریقہ کار کے تحت جاری ہے۔ انتخابی عملے کے مطابق کیلیفورنیا میں 'میل ان بیلٹس' (ڈاک کے ذریعے موصول ہونے والے ووٹوں) کی تعداد بہت زیادہ ہے، اور ان کی تصدیق اور گنتی میں وقت لگتا ہے، اس لیے نتائج میں تاخیر ایک معمول کا حصہ ہے نہ کہ کوئی دھاندلی۔