شیئر بازاروں میں ابتدائی گراوٹ، سینسیکس 900 پوائنٹس لڑھکا
ممبئی، 08 جون(یو این آئی) بیرون ممالک سے ملنے والے منفی اشاروں کے درمیان پیر کو گھریلو شیئر بازاروں میں گراوٹ رہی اور بی ایس ای کا سینسیکس 900 پوائنٹس سے زائد نیچے گر گیا۔
سینسیکس گزشتہ کاروباری دن کے مقابلے 821.73 پوائنٹس گر کر 73,421.61 پوائنٹس پر کھلا اور کھلتے ہی 924 پوائنٹس نیچے 73,319 پوائنٹس تک اتر گیا۔ خبر لکھے جانے کے وقت یہ 632.20 پوائنٹس (0.85 فیصد) کی گراوٹ کے ساتھ 73,611.14 پوائنٹس پر تھا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے دیگر ایشیائی شیئر بازاروں میں بھی گراوٹ ہے۔ جاپان کا نکی، چین کا شنگھائی کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ پونے چار فیصد تک نیچے چل رہے ہیں۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی-50 انڈیکس 286 پوائنٹس اتر کر 23,080.70 پوائنٹس پر کھلا۔ خبر لکھے جانے کے وقت یہ 212.15 پوائنٹس یعنی 0.91 فیصد نیچے 23,154.55 پوائنٹس پر تھا۔ وسیع تر بازار میں بھی فروخت کا غلبہ ہے۔ آئی ٹی، دھات، آٹو، رئیلٹی، پائیدار اشیائے صارفین، تیل اور گیس اور کیمیکل گروپس کے انڈیکس ایک سے دو فیصد تک نیچے ہیں۔ ایف ایم سی جی، فنانس اور بینکنگ گروپس میں بھی فروخت ہو رہی ہے۔ وہیں، میڈیا، فارما اور ہیلتھ گروپس میں خریداریاں چل رہی ہیں۔
سینسیکس کی کمپنیوں میں ایٹرنل اور ٹی سی ایس کے شیئر دو فیصد سے زائد کی گراوٹ میں ہیں۔ مہندرا اینڈ مہندرا، انڈیگو، بجاج فنانس، انفوسس، ٹرینٹ اور ایل اینڈ ٹی کے شیئر بھی ڈیڑھ سے دو فیصد تک نیچے ہیں۔ پاور گرڈ اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے شیئر ابھی بڑھت میں ہیں۔