Jadid Khabar

ہر ضرورت مند کو فلاحی اسکیموں کا فائدہ ملنا چاہیے: یوگی

Thumb

گورکھپور، 2 جون (یواین آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جنتا درشن کے دوران افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ ہر مستحق شہری تک پہنچانا یقینی بنایا جائے۔ 
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کی صبح گورکھناتھ مندر میں منعقدہ جنتا درشن میں تقریباً 200 افراد سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور کہا کہ رہائش سے لے کر علاج تک، بیٹیوں کی تعلیم، شادی سے لے کر بے سہارا اور بزرگ افراد کی پنشن تک، معاشرے کے ہر ضرورت مند کے لیے حکومت کی متعدد اسکیمیں موجود ہیں۔ تمام مستحق افراد سے درخواستیں حاصل کر کے ان تک ان اسکیموں کے فوائد پہنچائے جائیں۔
اس موقع پر انہوں نے ضرورت مند افراد کو رہائش سمیت دیگر سرکاری اسکیموں کا فائدہ دلانے اور سنگین بیماریوں میں مبتلا افراد کے علاج کے لیے بھرپور مالی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ضرورت مند اور مستحق شخص کو فلاحی منصوبوں سے مستفید کرنے اور ہر مسئلے کے مؤثر حل کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے لوگوں سے کہاکی کہ وہ اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضرور درخواست دیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے افسران کو بھی ہدایت دی کہ ہر مستحق شخص کی متعلقہ اسکیم میں درخواست جمع کرا کے اسے فائدہ پہنچایا جائے۔
جنتا درشن میں آنے والے افراد کے مسائل سننے کے بعد وزیر اعلیٰ نے درخواستوں کو نمٹانے کے لیے متعلقہ انتظامی اور پولیس افسران کے حوالے کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام مسائل کا حل مقررہ وقت میں، غیر جانبدارانہ اور اطمینان بخش انداز میں کیا جائے۔