نئی دہلی، 22 مئی (یو این آئی) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت نے مسابقتی امتحانات کو شفاف بنانے کے لیے جس نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کو تشکیل دیا تھا، وہ امتحانی دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کی سچائی چھپانے کے کام میں لگی ہے اور اب نیٹ-یو جی 2026 امتحان میں مبینہ پیپر لیک معاملے کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کہا کہ 2018 میں این ٹی اے کی تشکیل کے بعد سے ہی حکومت اور اس کا نظام امتحانی مافیا کے ساتھ سازباز کر کے این ٹی اے کے ذریعے منعقد کیے جانے والے امتحانات میں بڑے پیمانے پر ہونے والی بے ضابطگیوں اور دھاندلی کی سچائی کو دبانے میں لگا ہوا ہے۔ انہوں نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ این ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک پارلیمانی کمیٹی کے سامنے دعویٰ کیا کہ نیٹ-یو جی 2026 کا پیپر لیک نہیں ہوا، جبکہ امتحان سے پہلے مبینہ طور پر ایک 'گیس پیپر' طلبہ کے درمیان گردش کر رہا تھا، جس میں اصل امتحان کے کئی سوالات شامل تھے۔ ۔
یو این آئی۔ایم جے