Jadid Khabar

سپریم کورٹ کے حکم کے پیش نظر کھانڈو سے استعفیٰ طلب کریں مودی: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 19 مئی (یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی تین رکنی بنچ کی جانب سے اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کی جانچ کا حکم دیے جانے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کو ان سے استعفیٰ طلب کرنا چاہیے۔ 
کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کہا کہ گزشتہ چھ اپریل کو سپریم کورٹ کی تین ججوں پر مشتمل بنچ نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو ان الزامات کی ابتدائی جانچ کرنے کی ہدایت دی تھی، جن میں جنوری 2015 سے دسمبر 2025 کے درمیان اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کے خاندان کو مبینہ مفادات کے ٹکراؤ کی صورت میں 1,270 کروڑ روپے کے ٹھیکے دیے جانے کا معاملہ شامل ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ یہ کسی نچلی عدالت یا ہائی کورٹ کا نہیں بلکہ سپریم کورٹ کا حکم ہے۔ اس کے باوجود وزیر اعلیٰ اب بھی اپنے عہدے پر برقرار ہیں۔ مسٹر کھانڈو محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے وزیر بھی ہیں اور ان فائلوں پر ان کا کنٹرول ہے جن کی جانچ کے لیے سی بی آئی کو ضرورت پڑ سکتی ہے۔ 
مسٹر رمیش نے اس معاملے میں وزیر اعظم مودی پر سوال اٹھاتے ہوئے طنز کیا اور کہا کہ جنہوں نے کبھی "نہ کھاؤں گا، نہ کھانے دوں گا" کہا تھا، وہ اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں اور مسٹر کھانڈو سے استعفیٰ کیوں نہیں مانگا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سپریم کورٹ کے حکم کا مذاق ہے۔ 
کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کچھ دیگر وزرائے اعلیٰ بھی اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جیسی ہی صف میں آتے ہیں۔
یواین آئی۔الف الف