Jadid Khabar

ملک میں بڑا معاشی بحران آنے والا ہے، عام آدمی پر پڑے گا اثر: راہل گاندھی

Thumb

نئی دہلی، 19 مئی (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے ہندوستان کی اقتصادی صورتحال کے تعلق سے سنگین تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک  ایک بڑے معاشی بحران  کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کا سب سے زیادہ اثر عام جنتا پر پڑے گا۔

اتر پردیش دورے کے دوران مسٹر گاندھی نے منگل کو مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی  کونشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کچھ برسوں میں ہندوستان کا اقتصادی  ڈھانچہ پوری طرح بدل دیا گیا ہے، جس کے سبب ایک بڑا معاشی  طوفان آنے والا ہے۔ انہوں نے کہا، "میں گزشتہ کچھ دنوں سے لگاتار کہہ رہا ہوں کہ مودی جی نے ملک  کا اقتصادی  ڈھانچہ بدل دیا ہے۔ ایک بڑا معاشی بحران  آنے والا ہے۔ بدقسمتی سے اس کا خمیازہ عام آدمی کو بھگتنا پڑے گا۔ اس معاشی  جھٹکے کا اثر صرف اڈانی، امبانی اور مودی پر نہیں پڑے گا، بلکہ ہندوستان کے عام لوگوں پر اس کا گہرا اثر پڑے گا۔"

مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ حکومت معاشی  چیلنجوں کا حل نکالنے کے بجائے لوگوں کو بیرون ملک سفر نہ کرنے کا مشورہ دے رہی ہے، جبکہ وزیر اعظم خود لگاتار غیر ملکی دوروں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت ہندوستان کے لیے کٹھن ہو سکتا ہے اور حکومت کو وقت رہتے ٹھوس قدم اٹھانے چاہئیں۔

واضح رہے کہ مسٹر گاندھی منگل کو اپنے پارلیمانی حلقے رائے بریلی کے دورے پر ہیں، جہاں وہ کئی پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کے پروگراموں میں بچھراواں اسمبلی حلقہ میں بارات گھر کا افتتاح اور گرام وکاس سمواد، ہرچند پور اسمبلی میں کارکنوں سے خطاب، لال گنج کے سرینی علاقے میں مہیلا سمواد پروگرام اور ویبھو نگر وارڈ نمبر-14 میں سڑک کا افتتاح شامل ہیں۔