Jadid Khabar

چاندنی چوک تاریخ، ترقی اور روایات کا حسین امتزاج : ریکھا گپتا

Thumb

نئی دہلی، 26 جنوری (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ چاندنی چوک تاریخی علاقہ ہے، جہاں ملک کی تاریخ، ترقی، روایات اور ثقافت سمیت ہر چیز ایک ساتھ دیکھنے کو ملتی ہے۔ 


محترمہ ریکھا گپتا نے جمعرات کے روز چاندنی چوک علاقے میں بجلی کی زیرِ زمین وائرنگ منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد اس مقام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ  یہاں ثقافت، وراثت اور روایات کو ایک ہی جگہ پر محسوس کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانی دہلی کا یہ علاقہ اپنی جڑوں میں ملک کی روایات، خوشبو اور ذائقہ سمیٹے ہوئے ہے، اس لیے یہاں کی ترقی نہایت اہم ہے۔ یہاں کا سب سے بڑا مسئلہ بے ترتیب لٹکی ہوئی بجلی کی تاریں تھیں، جن کی وجہ سے آئے دن حادثات پیش آتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ آج تقریباً 160 کروڑ روپے کی لاگت سے چاندنی چوک کی 28 سڑکوں پر بجلی تاروں کو زیرِ زمین فٹ کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ 


انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ صدیوں سے تجارت اور ثقافت کا ایک زندہ و جاوید مرکز رہا ہے۔ یہاں کی حویلیاں تاریخ کی عکاسی کرتی ہیں اور اس کی تنگ و پیچیدہ گلیاں شہر کی شاندار وراثت کو محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی میں مسلسل ترقی کا عمل جاری ہے۔ 


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی ایک متوازن نقطۂ نظر کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، اپنی وراثت کو محفوظ رکھتے ہوئے مستقبل کی توانائی کی ضروریات کے لیے تیاری کر رہی ہے۔