مک مکرمہ، 18 فروری (یو این آئی) سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مدینہ منورہ میں منگل کو لاکھوں مسلمانوں نے رمضان کی پہلی شب عشا اور تراویح کی نمازیں باجماعت ادا کیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی شہری، غیرملکی اور دنیا بھر سے آئے ہوئے عمرہ زائرین عشا اور تراویح ادا کرنے کے لیے پہلے سے مسجد الحرام پہنچے ہوئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے زائرین کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کر رکھی تھیں۔ آب زمزم کی فراہمی اور مسجد الحرام کو معطر کرنے کا انتظام کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ حرمین شریفین جنرل اتھارٹی نے ماہ رمضان کیلیے جامع آپریشنل پلان تیار کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس کا مقصد خدمات کے معیار، آپریشنل کارکردگی کو بڑھانا، حرمین شریفین میں سیفٹی اور ریلائبلٹی کے اعلی ترین معیارات کو حاصل کرنا ہے۔
رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر پانچ زبانوں میں مسجد الحرام میں ڈیجیٹل آگاہی سکرینز کو فعال کیا گیا ہے۔
گراؤنڈ یونٹس مختلف مقامات پر تعینات ہیں، جن کے پاس فوری ترجمہ کرنے والی ڈیوائسز موجود ہیں تاکہ زائرین کی بات کو سمجھ کر درست رہنمائی کرسکیں۔
یو این آئی۔ ع ا۔