Jadid Khabar

میکروں سے ملنے کا منتظر ہوں، بات چیت سے دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہوگی:مودی

Thumb

نئی دہلی، 17 فروری (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کے دورے پر آئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان آپ کا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا منتظر ہے۔
مسٹر مودی نے منگل کے روز مسٹر میکروں کے ساتھ ممبئی میں دو طرفہ مذاکرات سے قبل سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بھروسہ ظاہر کیا کہ ان کی بات چیت سے مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا اور اس سے دنیا بھر میں ترقی کی امید پیدا ہوگی۔
واضح رہے کہ مسٹر میکروں تین روزہ دورے پر پیر کی رات ممبئی پہنچے تھے۔ آج ان کی مسٹر مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہے۔ بعد ازاں مسٹر میکروں دارالحکومت دہلی میں 'آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس' میں شرکت کریں گے۔
مسٹر مودی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ "ہندوستان میں آپ کا خیرمقدم ہے، ہندوستان آپ کی آمد اور ہمارے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا منتظر ہے۔ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہماری بات چیت سے مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا اور دنیا بھر میں ترقی ہوگی۔ ممبئی میں اور بعد میں دہلی میں ملتے ہیں، میرے پیارے دوست ایمانوئل میکروں۔"
اس سے قبل فرانسیسی صدر نے ہندوستان روانگی کے بعد کہا تھا کہ وہ ہندوستان اور فرانس کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ "ہندوستان کے راستے میں! ہماری اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید آگے لے جانے کے لیے ممبئی سے نئی دہلی تک تین دن۔ میرے ساتھ  بزنس لیڈرز اور اکنامک، انڈسٹریل، کلچرل اور ڈیجیٹل پلیئرز ہیں جو ہندوستان اور فرانس کے درمیان تعلقات کو حقیقی اور ٹھوس زندگی دیتے ہیں۔ ہم سب مل کر اپنے تعاون کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ کل ملتے ہیں، میرے پیارے دوست نریندر مودی۔"
مسٹر مودی اور مسٹر میکروں کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے بعد کئی شعبوں میں معاہدوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔