نیویارک، 9 فروری (یو این آئی) دنیا کی امیر ترین شخصیت اور ٹیسلا، اسپیس ایکس اور دیگر بڑی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے انکشاف کیا ہے کہ دولت سے خوشی نہیں خریدی جاسکتی اور یہ حقیقت وہ لوگ بہتر طور پر سمجھتے ہیں جنہوں نے یہ بات کہی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے یہ بات حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہی۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ جملہ بالکل درست ہے کہ دولت سے خوشی نہیں خریدی جا سکتی اور جس شخص نے یہ کہا وہ اچھی طرح جانتا تھا کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ اگر دولت خوشی نہیں خرید سکتی تو ایلون مسک انہیں 10 لاکھ ڈالر بھیج کر اس بات کو سمجھنے کا موقع دیں۔ ایک کا کہنا تھا کہ فلسفیانہ باتیں کرنا اس وقت آسان ہو جاتا ہے جب کرایہ اور بل ادا ہو چکے ہوں۔
دنیا کی امیر ترین شخصیت کی پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب مسک کی دولت عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
فوربز کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں وہ دنیا کے پہلے شخص بنے تھے جن کی مجموعی دولت 800 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔