واشنگٹن، یکم جنوری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکاگو، لاس اینجلس اور پورٹ لینڈ سے نیشنل گارڈ کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیشنل گارڈ کی تعیناتی سے ان شہروں میں جرائم میں واضح کمی آئی، جرائم دوبارہ بڑھے تو ان شہروں میں وفاقی فورسز کو دوبارہ تعینات کردیا جائے گا۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ فورسز کی واپسی پہلے سے زیادہ سخت اور مضبوط شکل میں ہو سکتی ہے۔
اس سے قبل امریکہ کی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شکاگو میں نیشنل گارڈ تعیناتی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا تھا جب ریپبلکن صدر ملک کے اندرونی معاملات کے لیے فوج کے استعمال کو ڈیموکریٹس کی زیرِ قیادت مختلف ریاستوں اور علاقوں میں بتدریج بڑھا رہے تھے، ناقدین کی جانب سے اس پالیسی کو مخالفین کو سزا دینے اور اختلافِ رائے کو دبانے کی کوشش قرار دیا گیا تھا۔