لکھنؤ:11اگست(یواین آئی) وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو اسمبلی میں اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی(ایس پی) کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ سپا کا جمہوریت میں یقین محض ایک دکھاوا ہے اور ان سے سیکورٹی اور ترقی کی امید نہیں کی جاسکتی ہے۔
مانسون اجلاس کے پہلے دن ایس پی ارکان کے ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے عوام کو ایس پی میعاد کار میں تاجروں پر مظالم اور لگائے گئے غنڈہ ٹیکس کی یاد دلائی اور کہا کہ جمہوریت میں ایس پی کا یقین محض دھوکہ ہے۔ انہوں نے سنبھل، بہرائچ اور گورکھپور میں ایس پی کی منفی سیاست پر بھی سوال اٹھائے۔
اپوزیشن لیڈر ماتا پرساد پانڈے کو سینئر لیڈر بتاتے ہوئے یوگی نے کہا کہ کچھ لوگ کندھے پر بندوق رکھ کر گولیاں چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، "ماتا پرساد پانڈے جی، آپ سینئر ہیں، کچھ لوگ غیر ضروری طور پر آپ کو پیادہ بنا کر آپ کے کندھے پر بندوق رکھ کر آپ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ آپ کو ایسا نہیں ہونے دینا چاہیے۔" انہوں نے گورکھپور کے ہیریٹیج کوریڈور کے معاملے پر ایس پی کی سیاست کو منفی اور ترقی مخالف قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ گورکھپور ہیریٹیج کوریڈور قدیم ترین بازار، گھنٹہ گھر اور گیتا پریس جیسے تاریخی مقامات کو جوڑے گا۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر سے تین دن پہلے گورکھپور ہیریٹیج کوریڈور کا معائنہ کیا تھا۔ وہاں کے ہر تاجر سے بات کی۔ یہ گورکھپور کا سب سے قدیم بازار ہے، جہاں بھیڑ اور غیر قانونی قبضوں کا مسئلہ تھا۔ ہم نے سڑک کی تعمیر اور بھیڑ ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ یوگی نے کہا کہ انہوں نے تاجروں کو معاوضہ دینے کا یقین دلایا ہے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران کسی کو تکلیف نہ ہو۔
انہوں نے ایس پی پر الزام لگایا کہ ان کے دور میں اس علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ایس پی کے دور حکومت میں ہر سال معصوم بچے انسیفلائٹس سے مر جاتے تھے۔ ہر سال 700 سے 1500 بچوں کی انسیفلائٹس سے موت ہوتی تھی ۔ قائد حزب اختلاف کے اسمبلی حلقے اور سدھارتھ نگر ضلع میں سینکڑوں بچے مرتے تھے لیکن آپ نے کچھ نہیں کیا۔ صحت، تعلیم اور ترقی کبھی آپ کا ایجنڈا نہیں رہا۔
یوگی نے کہا کہ گورکھپور کے تاجروں نے ماتا پرساد پانڈے کے دورے کی مخالفت کی تھی کیونکہ ایس پی کے دور میں تاجروں کو خوف اور غنڈہ ٹیکس کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام تاجر ایس پی کے دور میں ہونے والے استحصال کو نہیں بھولے ہیں۔ تاجر پریشان اور ناراض تھے کیونکہ آپ بغیر دعوت کے وہاں گئے اور ان کے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ سی ایم یوگی نے مزید کہا کہ تاجروں نے آپ کے خلاف احترام کے ساتھ احتجاج کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایس پی سے سیکورٹی اور ترقی کی امید نہیں کی جا سکتی۔
ایس پی حکومت کے دوران سنبھل میں ہوئے فسادات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت وہاں صفائی مہم چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی نے سنبھل میں منفیت پھیلائی آج ہم اسے بہتر کررہے ہیں۔ لیکن ایس پی اپنی پرانی عادتوں سے باز نہیں آتی اور ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے۔
ایس پی پر ترقی مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے یوگی نے کہا کہ چاہے وہ سنبھل ہو، بہرائچ ہو یا گورکھپور، ایس پی ہر جگہ منفی سیاست کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور این ڈی اے حکومت ترقی لانا چاہتی ہے، لیکن ایس پی کو یہ پسند نہیں ہے۔