نئی دہلی، 12 ستمبر (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز یہاں 18ویں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ولی عہد شہزادہ شیخ خالد بن محمد سے ملاقات کی اور اس دوران انہوں نے ہندوستان-یو اے ای جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کرنے نیز برکس میں مشترکہ مفادات پر مل کر کام جاری رکھنے پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور یو اے ای کے مضبوط سیاسی، ثقافتی، تجارتی، توانائی اور عوامی تعلقات کی اہمیت کو دہرایا۔ انہوں نے اس سال جنوری میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان کے دورۂ ہندوستان اور مئی میں وزیراعظم مودی کے دورۂ یو اے ای کو کامیاب بتایا۔ انہوں نے یو اے ای کے نئے ساورین سرمایہ کاری فنڈ 'العماد' کی ہندوستان-یو اے ای شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار کے امکانات پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے دفاع، خلائی، ایٹمی توانائی، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی جیسے اسٹریٹجک اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر بھی غور کیا۔
وزیراعظم نے ہندوستان کی صدارت میں برکس میں یو اے ای کی فعال اور تعمیری شمولیت کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان کی صدارت کے دوران برکس میں حاصل ہونے والے مثبت نتائج کا استقبال کیا۔ انہوں نے مشترکہ مفادات اور ترجیحات کو آگے بڑھانے نیز برکس تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے پلیٹ فارم پر مل کر کام جاری رکھنے پر رضامندی ظاہر کی۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے یو اے ای کی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے اوڈیشہ میں 11.5 ارب ڈالر کے مربوط گرین فیلڈ ایلومینیم پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کے اعلان کا استقبال کیا۔ اسے ہندوستان کا سب سے بڑا مربوط ایلومینیم سرمایہ کاری بتایا گیا۔ اس منصوبے سے اوڈیشہ کے عالمی ایلومینیم مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر ابھرنے کی امید ہے۔
اس ملاقات نے ہندوستان اور یو اے ای کے درمیان باقاعدہ اعلیٰ سطحی رابطوں کی روایت اور دونوں ممالک کے تعلقات کو آگے بڑھانے والی رفتار کا بھی اعادہ کیا۔