Jadid Khabar

گاڑیوں کی اسکریپنگ کے لیے مراعات کی رقم بڑھائیں: گڈکری

Thumb

نئی دہلی، 3 ستمبر (یواین آئی) مرکزی وزیر برائے سڑک نقل و حمل و شاہراہیں نتن گڈکری نے گاڑی بنانے والی کمپنیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرانی گاڑیوں کو اسکریپ کرنے کے لیے دی جانے والی مراعات کی رقم میں اضافہ کریں۔ انہوں نے جمعرات کو کہا کہ اس سے گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ ہوگا اور پیداواری لاگت کم ہوگی۔
مسٹر گڈکری نے یہاں گاڑی ساز کمپنیوں کی تنظیم سیام (ایس آئی اے ایم) کی 66ویں سالانہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں کی اسکریپنگ سے خود گاڑی بنانے والی کمپنیوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ''اس سے آپ کی فروخت بڑھے گی، پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور لاگت کم ہوگی۔''
انہوں نے کہا کہ کچھ کمپنیوں نے اس مقصد کے لیے سرمایہ کاری کی ہے اور انہیں اس کا فائدہ بھی مل رہا ہے، تاہم مزید کمپنیوں کو بھی اس شعبے میں آگے آنے کی ضرورت ہے۔
مرکزی وزیر نے ملک میں کم لاگت والے ماس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کی ترقی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو کی تعمیر پر فی کلومیٹر تقریباً 350 کروڑ روپے لاگت آتی ہے۔ دہلی، ممبئی اور بنگلورو جیسے بڑے شہروں میں یہ نظام منافع بخش ہوسکتا ہے، لیکن درجۂ دوم اور درجۂ سوم کے شہروں کے لیے ایسے حل تلاش کرنے ہوں گے جو کم خرچ ہوں۔ پہاڑی علاقوں میں روپ وے اس کا ایک حل ہوسکتا ہے۔
ملک میں بسوں کی طلب اور پیداواری صلاحیت کے درمیان فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے مسٹر گڈکری نے کمپنیوں سے اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ہر سال ایک لاکھ سے زیادہ بسوں کی طلب ہے، جبکہ موجودہ پیداواری صلاحیت صرف 70 ہزار بسیں سالانہ ہے۔ اس صلاحیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے، خاص طور پر انہوں نے الیکٹرک بسوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے پر زور دیا۔
انہوں نے کمپنیوں سے ڈرائیوروں کی تربیت کی صلاحیت بڑھانے میں بھی تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیاں اپنے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) فنڈ سے اس شعبے میں تعاون کرسکتی ہیں۔ اس سے سڑک حادثات میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔