Jadid Khabar

مودی حکومت ہر ہفتے ملک کو مہنگائی کا ایک نیا ’ہائی وولٹیج‘ جھٹکا دے رہی ہے: جے رام رمیش

Thumb

کانگریس نے منگل (یکم ستمبر) کو الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت مہنگائی کی حقیقت پر پردہ ڈالنے اور اعداد و شمار کی بازیگری کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ہے، جبکہ مہنگائی عام لوگوں کی جیب پر چوطرفہ اثر ڈال رہی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے بجلی کے تاروں سے متعلق خبر شیئر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فرضی سرخیوں میں مصروف وزیر اعظم نریندر مودی نے عام آدمی کا گھر بنانے کا خواب بھی چھین لیا ہے۔

جے رام رمیش نے دعوی کیا ہے کہ مودی حکومت ملک کو ہر ہفتے مہنگائی کا نیا جھٹکا دے رہی ہے اور اب اس کے اثرات صرف باورچی خانے تک محدود نہیں ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مودی حکومت ہر ہفتے ملک کو مہنگائی کا ایک نیا ’ہائی وولٹیج‘ جھٹکا دے رہی ہے۔ فرضی ہیڈ لائن میں مصروف وزیر اعظم نریندر مودی نے عام آدمی کا گھر بنانے کا خواب بھی چھین لیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’گھروں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے سامان سے لے کر بجلی کے سامان تک ہر شعبے میں غریب اور متوسط ​​طبقے پر مہنگائی کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔‘‘ جے رام رمیش کے مطابق تانبے کے تار کی قیمت 850 روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 1700 روپے فی کلوگرام اور ایلومینیم کی قیمت 350 روپے سے بڑھ کر 650 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔
جے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ 1000 مربع فٹ کے گھر میں بجلی کے تار بچھانے کا خرچ 50000 روپے سے بڑھ کر تقریباً ایک لاکھ روپے ہو گیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ’’سولر پینل کی قیمتوں میں 10 سے 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ پنکھوں اور فالز سیلنگ کی لاگت بھی بڑھ گئی ہے۔‘‘ ان کے مطابق استری جیسے گھریلو آلات 20 فیصد تک مہنگے ہو گئے ہیں اور ایل ای ڈی اور ہیلوژن لائٹس کی قیمتوں میں بھی تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’سوئچ-ساکٹ‘، ’مین لائن کیبل‘، ’ٹائل‘، تار بچھانے اور مزدوری سمیت مکان کی تعمیر سے متعلق تقریباً تمام اخراجات بڑھ گئے ہیں۔ جے رام رمیش نے الزام عائد کیا کہ ’’حکومت مہنگائی سے وابستہ ان مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے اعداد و شمار کی بازی گری کا سہارا لے رہی ہے۔‘‘
دوسری جانب کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر مہنگائی کے حوالے سے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ کانگریس نے ایل پی جی سلنڈر پر بڑھائی گئی قیمتوں کے حوالے سے کہا کہ ’’عوام پر ’مہنگائی مین‘ مودی کا ہنٹر پھر چلا ہے۔ اب کمرشل ایل پی جی سلنڈر 10 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔ صرف 8 ماہ میں کمرشل سلنڈر کی قیمت تقریباً 1200 روپے بڑھا دی گئی ہے۔‘‘ کانگریس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’جی ہاں، 8 مہینے میں 1200 روپے مہنگا۔ ’مہنگائی مین‘ مودی کا فارمولہ صاف ہے-عوام سے وصولی کرو، دوست کی تجوری بھرو۔‘‘